رسائی کے لنکس

لاہور کے علاقے انار کلی میں دھماکا،3 افراد ہلاک


دھماکے سے جائے حادثہ پر ایک بڑا گڑھا پڑگیا۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں

لاہور کے علاقے انار کلی میں واقع پرانی فوڈ اسٹریٹ پرہفتے کی رات دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو قریب ہی واقع میو اسپتال پہنچادیا گیا ۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ۔ دھماکے سے جائے حادثہ پر ایک بڑا گڑھا پڑگیا۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے بھی موقع پر پہنچ کر اپنے فرائض انجام دیئے ۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 5 سے6 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے تاہم ڈی سی او لاہور کا کہنا ہے کہ دھماکے میں آدھا کلو بارود استعمال کیا گیا۔یہ مواد ایک تھیلی میں لپیٹ کر ایک ہوٹل کے باہر موجود کرسیوں کے قریب رکھا ہوا تھا۔
دھماکے سے قریب عمارتوں کے شیشے توڑ گئے جبکہ کچھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ میواسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز کو فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔
فوڈ اسٹریٹ شہر کا گنجان آباد علاقہ ہے جہاں سرشام سے ہی بڑی تعداد میں لوگ پہنچنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ہفتہ ہونے کے سبب آج یہاں غیر معمولی رش تھا۔
XS
SM
MD
LG