رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: 'کاربن ٹیکس' کا قانون پارلیمان میں پیش


آسٹریلیا: 'کاربن ٹیکس' کا قانون پارلیمان میں پیش
آسٹریلیا: 'کاربن ٹیکس' کا قانون پارلیمان میں پیش

آسٹریلیا کی حکومت نے متنازع اور غیر مقبول "کاربن ٹیکس' کے نفاذ کے لیے قانون باضابطہ طور پر پارلیمان میں متعارف کرادیا ہے ۔

آسٹریلوی وزیرِاعظم جولیا گیلارڈ نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ ان کی حکومت قانون کے نفاذ پر یکسو ہے جس کے تحت بڑے پیمانے پر آلودگی پھیلانے والے اداروں سے کاربن کے اخراج کی مقدار پر ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

آسٹریلوی پارلیمان 2009ء میں دو بار اسی نوعیت کے قانونی مسودوں کو مسترد کرچکی ہے۔ حکمران جماعت 'لیبر پارٹی' کو مجوزہ قانون کی منظوری کے لیے اپنی اتحادی ماحول دوست سیاسی جماعت 'گرین پارٹی' اور چند آزاد قانون سازوں کی حمایت حاصل ہے جن کی بدولت وزیرِ اعظم گیلارڈ کی حکومت پارلیمان میں ایک نشست کی سادہ اکثریت رکھتی ہے۔

تاہم حزبِ مخالف کی مرکزی جماعت 'لبرل پارٹی' منصوبے کی شدید مخالفت کر رہی ہے۔ لبرلز کا دعویٰ ہے کہ ٹیکس کے نفاذ سے آسٹریلوی عوام کے لیے بنیادی ضرورت کی اشیاء مہنگی ہوجائیں گی۔

عوامی ناراضی کے باوجود ٹیکس کے نفاذ کی کوششوں نے حکمران جماعت 'لیبر پارٹی' کی مقبولیت کو شدید متاثر کیا ہے اور وزیرِ اعظم گیلارڈ کی عوامی مقبولیت گزشتہ 17 برسوں میں کسی بھی وزیرِاعظم کی مقبولیت سے نیچے جا پہنچی ہے۔

منصوبے کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں کا باعث بننے والی کاربن کے اخراج پر قابو پا کر اسے 2020ء تک 2000ء کی مقدار کے 95 فی صد تک محدود کرنا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین اور نیوزی لینڈ میں کاربن کے اخراج پر قابو پانے کے لیے اسی نوعیت کے منصوبوں پر عمل کیا جارہا ہے جبکہ جاپان اور امریکہ میں بھی علاقائی بنیادوں پر اس طرز کے منصوبے جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG