رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: انتخابات میں حزب مخالف کی جیت کا امکان روشن


ٹونی ایبٹ
ٹونی ایبٹ

انتخابی مہم میں آسٹریلیا کی اقتصادی صورت حال سمیت پناہ کی تلاش میں یہاں آنے والوں اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے معاملات اہم موضوعات رہے۔

آسٹریلیا میں ہونے والے عام انتخابات کے ابتدائی غیر حتمی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن رہنما ٹونی ایبٹ کی جماعت لبرل نیشنل پارٹی کو اکثریت حاصل ہورہی ہے۔

ہفتہ کو ہونے والے انتخابات میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق لبرل نیشنل پارٹی 150 نشستوں کے ایوان نمائندگان میں 97 نشستیں جیت رہی ہے جس سے حزب اقتدار کی جماعت لیبر پارٹی پر اسے سبقت حاصل ہو رہی ہے۔

جمعہ کو انتخابی مہم کے آخری روز وزیراعظم کیون رُڈ نے آسٹریلوی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب بھی انتخاب جیت سکتے ہیں اور انھیں اس دوڑ سے باہر تصور نہ کیا جائے۔

انتخابات سے تین ماہ قبل ہی آسٹریلیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم جولیا گیلارڈ لیبر پارٹی کے سربراہ کا انتخاب ہارنے کے بعد وزارت عظمیٰ کے منصب سے علیحدہ ہو گئی تھیں اور ان کی جگہ یہ عہدہ کیون رڈ نے سنبھالا تھا۔

انتخابی مہم میں آسٹریلیا کی اقتصادی صورت حال سمیت پناہ کی تلاش میں یہاں آنے والوں اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے معاملات اہم موضوعات رہے۔

ملک میں بے روزگاری کی شرح بڑھ رہی ہے اور دونوں جماعتوں نے رائے دہندگان کو خوشحال مستقل دلانے کے لیے قائل کرنے کی کوششیں کیں۔

دونوں جماعتوں کے امیدواروں نے سخت امیگریشن قوانین متعارف کروانے کی تجویز بھی دی جس کا مقصد آسٹریلیا میں پناہ کی تلاش میں آنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

آسٹریلیا میں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد نام ووٹر فہرستوں میں درج ہیں لیکن حکام کا اندازہ ہے کہ 18 سے 24 سال کے تقریباً پانچ لاکھ لوگوں نے کبھی اپنا ووٹ رجسٹر نہیں کروایا جو کہ نوجوانوں کی مقامی سیاست میں عدم دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
XS
SM
MD
LG