رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: 8 برس قبل مرنے والی خاتون کی باقیات برآمد


آسٹریلوی پولیس (فائل فوٹو)
آسٹریلوی پولیس (فائل فوٹو)

آسٹریلیا میں پولیس نے 2003ء میں دم توڑ جانے والی ایک بوڑھی خاتون کی باقیات آٹھ برس بعد ان کی رہائش گاہ سے برآمد کرلی ہیں۔ گھر کے پڑوسی خاتون کی ہلاکت سے بے خبر تھے۔

علاقہ پولیس کے قائم مقام سربراہ زوران زیولان نے بدھ کے روز صحافیوں کو بتایا کہ خاتون کا ڈھانچہ اس وقت برآمد ہوا جب ان کی نند کی جانب سے فون کال موصول ہونے کے بعد پولیس نے گھر کی تلاشی لی۔ ان کے بقول دونوں خواتین کے درمیان 2003ء میں تلخ کلامی کے بعد سے بات چیت بند تھی۔

زیولان نے کہا کہ اس عرصہ کے دوران بزرگ خاتون کے کسی پڑوسی نے ان کی خیر خیریت معلوم کرنے کی کوشش نہیں کی۔ خاتون کی عمر آئندہ ماہ 87 برس ہوجانی تھی اور اس عرصہ کے دوران سرکاری ویلفیئر آفس کی جانب سے یہ دیکھے بغیر ان کے اکاؤنٹ میں بدستور رقم فراہم کی جاتی رہی کہ اسے استعمال نہیں کیا جارہا۔

پولیس سربراہ کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گھر کو سہولتوں کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی تھی جبکہ ڈاک بھی متبادل پتے پر روانہ کی جارہی تھی۔

پولیس سربراہ کا کہنا تھا اس واقعہ کو ایک یاد دہانی سمجھنا چاہیے کہ کسی بھی علاقے کے رہائشیوں کا اپنے پڑوسیوں خصوصاً بزرگ شہریوں کے حالات سے خبردار رہنا کتنا ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG