پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا دوسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ بابر اعظم کی سینچری اور عبداللہ شفیق کی عمدہ بیٹنگ کے باعث پاکستان نے چوتھے روز کے اختتام تک دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے ہیں۔
کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز دو وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز پر ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو 506 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔
پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا، اوپنر امام الحق اسکور بورڈ کو زیادہ آگے بڑھائے بغیر صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اُنہیں نیتھن لائن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے سینئر بلے باز اظہر علی آئے، لیکن وہ بھی متوقع باؤنسر کو چھوڑنے کے لیے نیچے جھکے، لیکن کیمرون گرین کی گیند اُن کے پیڈز سے ٹکرائی اور امپائر نے انگلی کھڑی کر دی۔ بعدازاں ہاٹ اسپاٹ سے ظاہر ہوا کہ گیند کا کچھ حصہ اُن کے گلوز سے بھی ٹکرایا تھا، تاہم اظہر علی نے ریویو نہیں لیا۔
ایسے موقع پر جب پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا رہی تھی، کپتان بابر اعظم کریز پر آئے اور پاکستان کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ اننگز کے 20 ویں اوور سے قبل ہی آسٹریلوی تیز بالرز کو ریورس سوئنگ سے بھی مدد ملنی لگی، لیکن بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور کیمرون گرین کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
دونوں بلے بازوں نے اسپنرز نیتھن لائن اور مچل سوئپسن کے خلاف بھی پراعتماد بیٹنگ کی۔
بابر اعظم نے 12 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی، چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے تھے اور اب بھی اسے میچ جیتنے کے لیے 314 رنز درکار ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 556 پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے بعد میزبان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بنا سکی تھی۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کو پاکستان پر 408 رنز کی برتری حاصل ہوئی لیکن اس نے میزبان ٹیم کو فالوآن کرانے کے بجائے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 23 اوورز میں 97 رنز کا اضافہ کرکے اننگز ڈکلیئر کی۔
پاکستان اور آسٹریلیاکے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیاتھا جو بے نتیجہ رہا۔ کراچی میں کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں نیشنل اسٹیڈیم کی پچ پر آسٹریلوی بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے یہی چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں کہ شاید یہ ٹیسٹ بھی بے نتیجہ رہے گا لیکن آسٹریلوی بالرز نے پاکستانی بلے بازوں کو پہلی اننگز میں جلد آؤٹ کر کے اسے دلچسپ بنا دیاہے۔
دونوں ٹیمیں 21 سے 25 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تیسرے میچ میں مدِمقابل ہوں گی۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز راولپنڈی میں ہو گی اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کی میزبانی بھی راولپنڈی کا پنڈی اسٹیڈیم کرے گا۔