رسائی کے لنکس

اردو سروس کے پروگرام کو ایوارڈ


’وائس آف امریکہ‘، واشنگٹن میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں کونسل کے روح رواں فاروق احمد خان اور رضیہ ملک نے یہ ایوارڈ یاسمین جمیل کو پیش کیا۔ ’ہر دم رواں ہے زندگی‘ ہر جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے 11 بجے تک نشر کیا جاتا ہے

’وائس آف امریکہ‘ کا ریڈیو پروگرام ’ہر دم رواں ہے زندگی‘ مقبولیت کی نئی منزل پہ۔ پاکستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کی یہ آواز چولستان ڈولپمنٹ کونسل اور لائنس کلب کے معتبر ایوارڈ کی حقدار ٹھہری۔
چولستان ڈولپمنٹ کونسل اور لائنس کلب نے خصوصی طور پر چولستان میں پروگرام کی مقبولیت اور ان میں عوامی مسائل کی حقیقی ترجمانی کو دیکھتے ہوئے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔

وائس آف امریکہ واشنگٹن میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں کونسل کے روح رواں فاروق احمد خان اور رضیہ ملک نے یہ ایوارڈ یاسمین جمیل کو پیش کیا۔

اس موقع پر مختصر خطاب میں، فاروق احمد خان نے ہفتہ وار پروگرام کی میزبان یاسمین جمیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چولستان جیسے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں باقی دنیا سے رابطے کا واحد ذریعہ ریڈیو ہے، جہاں پر وائس آف امریکہ اردو سروس کا یہ پروگرام بہت مقبول ہے۔ لوگوں کا خیال ہے کہ اس پروگرام میں ان کے مسائل کی حقیقی عکاسی کی جاتی ہے۔

فاروق احمد خان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ لائنس کلب انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر نمایاں سماجی خدمات کے اعتراف میں دنیا بھر کے منتخب افراد کو یہ ایوارڈ دیتا ہے اور یہ کہ پاکستان میں سات رکنی جیوری کا فیصلہ اس بار یاسمین جمیل کے حق میں آیا۔

وائس آف امریکہ اردو سروس کے چیف، فیض رحمٰن نے اس موقع پر پاکستان کے معروف سماجی اداروں کے نمائندوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور اور اس کے اطراف میں وائس آف امریکہ کے اس پروگرام کی مقبولیت ادارے کے لئے اعزاز ہے۔

چولستان ڈولپمنٹ کونسل کی ڈائریکٹر رضیہ ملک کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم گزشتہ 18 برسوں سے چولستان میں تعلیم صحت اور ثقافت کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔ بقول اُن کے، وہاں کے لوگ اس بات پر حیراں ہیں کہ کس طرح ایک پاکستانی نژاد خاتون ہزاروں میل دور امریکہ میں رہ کر بھی ان کے مسائل اجاگر کرتی ہے۔

پروگرام کی میزبان، یاسمین جمیل نے اس موقع پر کہا کہ وہ پروگرام پورے خلوص اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کرتی ہیں، اور یہ ان کے خلوص و لگن کا نتیجہ ہے کہ بہت بڑی تعداد میں دوسرے سامعین کے علاوہ چولستان کے لوگ بھی ان پر اعتماد کرتے ہیں۔

وائس آف امریکہ کی اردو سروس سے یہ ریڈیو پروگرام ’ہر دم رواں ہے زندگی‘ ہر جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے 11 بجے تک نشر کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے، چولستان ڈولپمنٹ کونسل نے علاقے میں چھوٹے ریڈیو سیٹ تقسیم کئے ہیں، جن میں وائس آف امریکہ کی نشریات سنی جاتی ہیں۔ اس ریڈیو سیٹ کے چند نمونے انھوں نے یہاں واشنگٹن میں تحفتاً پیش کئے۔

XS
SM
MD
LG