رسائی کے لنکس

شاہین شاہ 'کرکٹر آف دی ایئر'، بابر اعظم 'ون ڈ ے کرکٹر آف دی ایئر' قرار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے کرکٹر آف دی ایئر سمیت سال 2021 میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے جب کہ بابر اعظم ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر جب کہ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جو روٹ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔

اسی طرح بھارت کی ویمن ٹیم کی بلے باز سمرتی مندھانا 'ویمن کرکٹر آف دی ایئر' کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم کی کھلاڑی لیزل لی سال 2021 کی 'ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر' قرار پائی ہیں۔

سال کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سمیت جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کیا ہے۔

فاسٹ بالر نے 2021 کے دوران 36 میچز میں 22 اعشاریہ دو صفر کی اوسط سے 78 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہین شاہ نے گزشتہ برس اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔گو کہ انہوں نے چھ میچز میں سات وکٹیں حاصل کیں لیکن بھارت کے خلاف ان کا اسپیل پاکستان کی جیت کےلیے پہلی اینٹ ثابت ہوا۔

آئی سی سی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو 2021 کے لیے بہترین ون ڈے 'کرکٹر آف دی ایئر' قرار دیا ہے۔

بابر اعظم کو یہ اعزاز گزشتہ برس چھ ایک روزہ میچز میں 67 اعشاریہ پانچ صفر کی اوسط سے 405 رنز بنانے پر دیا گیا ہے۔ ان کی اس کارکرگی میں دو سینچریاں بھی شامل ہیں۔

سال کے بہترین کھلاڑی کی دوڑ میں بابر اعظم کے علاوہ بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن، جنوبی افریقہ کے جنیمن ملان اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ شامل تھے۔

بابر اعظم کی 2021 میں جس پرفارمنس نے انہیں سال کا بہترین کھلاڑی کا حق دار ٹھہرایا اس میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں نمایاں کارکردگی شامل ہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ برس پاکستان نے تین ون ڈے میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔ جن میچز میں پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کی ان میں میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز بابر کے نام رہا تھا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بابر اعظم سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز تھے۔ انہوں نے تین میچز میں مجموعی طور پر 228 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 274 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا تھا جس میں بابر اعظم کی شاندار سینچری نے گرین شرٹس کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ پروٹیز کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بابر نے 82 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

انگلینڈ کے خلاف پرفارمنس

انگلینڈ کے خلاف گزشتہ برس گو کہ پاکستان تین میچز کی سیریز میں کوئی میچ جیت نہیں سکا تھا لیکن بابر کی جارحانہ بیٹںگ نے مقابلوں کو سنسنی خیز ضرور بنا دیا تھا۔

بابر نے انگلینڈ کے خلاف تینوں میچز میں مجموعی طور پر 177 رنز بنائے تھے۔ اس سیریز میں بابر کے سوا پاکستان کے کسی بھی بلے باز نے خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دو میچز میں ناکامی کےبعد پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو 331 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس میچ میں بابر نے اوپننگ بلے باز امام الحق کے ساتھ مل کر 92 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

سیریز میں شکست خوردہ ٹیم کے کپتان کے رنز بنانے کی رفتار اس قدر آہستہ تھی کہ انہوں نے 72 گیندوں پر نصف سینچری کی لیکن اگلے 50 رنز انہوں نے صرف 32 گیندوں پر بنا کر 2021 کی دوسری سینچری بھی بنائی۔

بابر نے اس میچ میں 158 رنز کی اننگز کھیلی اور یہ ان کے ون ڈے کریئر کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور بھی ہے۔

XS
SM
MD
LG