رسائی کے لنکس

بلوچستان: شدت پسندوں کے حملے میں نو کنٹینرز تباہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کر اچی سے تیل لے جانے والے پندرہ آئل ٹینکر ز ایک ہو ٹل پر کھڑے تھے کہ نا معلوم افراد نے پہلے راکٹ فائر کئے اور بعد میں آئل ٹینکرز پر فائرنگ کی۔

پاکستان کے جنوب مغر بی صوبے بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے سوراب میں نیٹو کو تیل فراہم کرنے والے ٹینکروں پر نامعلوم افراد نے راکٹ اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کرکے نو ٹینکروں کو تباہ اور ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

سوراب پولیس تھانے کے انسپکٹر محمد یوسف نے جمعہ کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ افغانستان میں تعینات نیٹو فورسز کے لئے کر اچی سے تیل لے جانے والے پندرہ آئل ٹینکر ز ایک ہو ٹل پر کھڑے تھے کہ جمعرات اور جمعہ کے درمیان شب نا معلوم افراد نے پہلے راکٹ فائر کئے اور بعد میں آئل ٹینکرز پر فائرنگ کی۔

ان کے بقول حملے سے نو ٹینکرز جل کر خاکستر ہو گئے جب کہ ایک ڈرائیور سمیع اللہ ہلاک اور دو دیگر افراد زخمی ہو ئے۔

صوبائی دارالحکومت کو ئٹہ اور دیگر اضلاع میں اس سے پہلے بھی نیٹوفورسز کو تیل اور دیگر دیگر سامان رسد فراہم کرنے والی کینٹنرز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ان واقعات میں تیس سے زائد افراد ہلاک جب کہ درجنوں کنٹینرز تباہ ہو چکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر واقعات کی ذمہ داری بعض کالعدم مذہبی تنظیمیں قبول کر تی رہی ہیں۔

افغانستان میں تعینات امریکی اور اتحادی افواج کو سامان رسد پاکستان کے علاقوں خیبر اور چمن کے راستے فراہم کیا جاتا ہے۔

قدرتی وسائل سے مالا مال اس صوبے میں حالیہ مہینوں میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی رہی ہے جس میں ہدف بنا کر قتل کے واقعات میں اضافہ بھی شامل ہے۔

جمعرات کو گوادر اور پنجگور کے علاقوں میں نامعلوم مسلح افراد نے تین مزدورں سمیت پانچ افراد کو ہلاک کردیا۔ گودار میں ہلاک کیے گئے افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے جنہیں شناخت کے بعد قتل کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG