رسائی کے لنکس

للت مودی پر تاحیات پابندی عائد


ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ للت مودی قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوئے ہیں لہذا انہیں 'بی سی سی آئی' سے نکالا جاتا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے 'انڈین پریمیئر لیگ' کے بانی سربراہ للت مودی پر "قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں" کی بنیاد پر تاحیات پابندی عائد کردی ہے۔

بورڈ کے فیصلے کے مطابق للت مودی مستقبل میں کرکٹ بورڈ کا نہ کوئی عہدہ رکھ سکیں گے اور نہ ہی انہیں کسی کمیٹی کا رکن بنایا جائے گا۔

'بورڈ آف کنٹرول آف کرکٹ ان انڈیا' (بی سی سی آئی) نے یہ فیصلہ بدھ کو چنائی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا ہے۔

اجلاس کے بعد جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ للت مودی قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوئے ہیں لہذا انہیں 'بی سی سی آئی' سے نکالا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق للت مودی سے منتظم کے تمام اختیارات واپس لیے جارہے ہیں جب کہ وہ مستقبل میں بھی بورڈ کے کسی عہدے پر فائز نہیں ہوسکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی کو بورڈ کی کسی کمیٹی میں بھی شامل نہیں کیا جائے گاجب کہ انہیں بورڈ کی رکنیت کے لیے بھی تاحیات نااہل قرار ددے گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں 'بی سی سی آئی' کی تین رکنی 'ڈسپلنری کمیٹی' نے مودی کو 'آئی پی ایل' کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے انتظامی اور مالی اختیارات کے غلط استعمال کا مرتکب قرار دیا تھا۔

مودی کو 'بی سی سی آئی' نےاپریل 2010ء میں ہونے والے 'آئی پی ایل' کے تیسرے ایڈیشن کے انعقاد کے فوری بعد اس مشہورِ زمانہ ٹی20 لیگ ٹورنامنٹ کے چیئرمین اور کمشنر کے عہدے سے معطل کردیا تھا۔

مودی خود پر عائد تمام الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں اور اپنی بحالی کےلیے عدالتی چارہ جوئی کا راستہ بھی اختیار کرچکے ہیں جس میں انہیں تاحال کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی ہے۔
XS
SM
MD
LG