رسائی کے لنکس

logo-print

ٹائیگر اور کیرتی کی فلم اور جوڑی دونوں ہٹ ہوگئیں


جیکی شروف کے بیٹے ٹائیگر اور ماڈل گرل کیرتی کی گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’ہیروپنتی‘ سے متعلق خبریں گرم ہیں کہ صرف فلم ہی نہیں دونوں کی جوڑی بھی ہٹ ہوگئی ہے

ماضی کی فلموں کے جانے مانے اداکار جیکی شیروف کے بیٹے ٹائیگر شیروف اور نئی ایکٹریس کیرتی سینن کی پہلی فلم ’ہیروپنتی‘ سے فلمی پنڈتوں نے بہت زیادہ توقعات نہیں جوڑی تھیں لیکن فلم نے اپنی ریلیز کے ساتھ ہی اچھا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔

فلم انڈسٹری کی روایات کے مطابق، فلم کے ساتھ ساتھ ان دونوں نئے فنکاروں کی قسمت کے ستارے بھی چمکنے لگے ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ ’ہیرو پنتی‘ دونوں فنکاروں کے لئے اپنے دامن میں مزید کئی آفرز لارہی ہے۔

دبئی کے ایک اخبار’دی نیشنل‘ کا کہنا ہے کہ ٹائیگر جہاں اپنی پہلی فلم ہٹ ہونے پر خوش ہیں وہیں انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ جیکی شیروف جیسے بڑے اسٹار کا بیٹا ہونے کی وجہ سے ان پر بہترین کارکردگی کے لئے دباوٴ تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے دوسال سے ’ہیروپنتی‘ ہی ان کے لئے سب کچھ تھی۔ یہ فلم ان کیلئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ فلم میں تمام اسٹنٹ ٹائیگر نے خود پکچرائز کرائے ہیں۔

بات کی جائے فلم کی ہیروئن کیرتی سینن کی۔۔تو ان کے لئے بالی وڈ میں اینٹری خواب سچ ہونے کے مساوی ہے جس پر پہلے پہل تو خود انہیں بھی یقین نہیں آیا تھا۔

کیرتی کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کا حصہ بننا بڑی بات ہے۔ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپوراستعمال کرکے بالی وڈ میں اپنی منفرد پہچان بنائیں گی۔

’ہیروپنتی‘ کے ڈائریکٹر صابر خان کے مطابق انہوں نے فلم کے لئے کیرتی کا انتخاب اس وقت سے کر رکھا تھا جب سے کیرتی کو ایک ٹوتھ پیسٹ کے اشتہار میں دیکھا تھا۔
XS
SM
MD
LG