رسائی کے لنکس

کانگو: نقصان پہنچانے والوں کو معاف کر دیں، دس لاکھ کے اجتماع سے پوپ کا خطاب

پوپ فرانسس کی کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں ایک بڑے ہجوم سے خطاب کے لئے آمد۔ یکم فروری 2023
پوپ فرانسس کی کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں ایک بڑے ہجوم سے خطاب کے لئے آمد۔ یکم فروری 2023

پوپ فرانسس نے ، جو ان دنوں وسطی افریقہ کے دورے پر ہیں، بدھ کے روز جمہوریہ کانگو میں تقریباً دس لاکھ افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عقیدت مندوں پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کو معاف کر دیں جنہوں نے انہیں نقصان پہنچایا ہے۔

پوپ امن اور مفاہمت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کانگو کے دورے پر ہیں جہاں کئی دہائیوں سے تشدد جاری ہے جس سے آبادی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہواہے۔

انہوں نے اپنی تقریر میں لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے دلوں کو معاف کرنے کے لیے کھول دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معافی امن کا راستہ بن جاتی ہے۔

پوپ فرانسس کا خطاب سننے کے لیے دس لاکھ سے زیادہ عقیدت مند کنشاسا ائیر پورٹ پر اکھٹے ہوئے۔ یکم فروری 2023
پوپ فرانسس کا خطاب سننے کے لیے دس لاکھ سے زیادہ عقیدت مند کنشاسا ائیر پورٹ پر اکھٹے ہوئے۔ یکم فروری 2023

پوپ فرانسس نے منگل کو کانگو کے دارالحکومت کنشاسا پہنچنے کے بعد اپنی پہلی رات اینڈولو کے ہوائی اڈے پر گزاری۔ ان کے کنشاسا پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جس میں ہر عمر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

منگل کو اپنے خطاب میں پوپ نے غیرملکی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ افریقہ کی معدنی اور قدرتی دولت کی صدیوں سے جاری لوٹ گھسوٹ روک دیں۔

کنشاسا پہنچنے پر پوپ فرانسس کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ 31۔ جنوری 2023
کنشاسا پہنچنے پر پوپ فرانسس کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔ 31۔ جنوری 2023

اپنے اس دورے میں پوپ شمالی کیوو کے صوبائی دارالحکومت گوما جانا چاہتے تھے مگر وہاں لڑائیوں کی وجہ سے انہیں اپنا ارادہ ترک کرنا پڑا۔ ملک کے اس حصے میں تشدد کی کارروائیوں سے تقریباً 57 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور عالمی ادارہ خوراک کے مطابق اس خطے میں لگ بھگ دو کروڑ 64 لاکھ افراد انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔

مشرقی کانگو کی لڑائیوں میں 120 سے زیادہ مسلح گروپ ملوث ہیں۔ باغیوں کا کئی علاقوں پر قبضہ ہےاور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلح گروہوں پر مظالم کرنے کا الزام لگاتی ہیں۔

جمہوریہ کانگو کے صدر فیلکس ٹوسکیڈی کنشاسا میں پوپ فرانسس کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ 31 جنوری 2023
جمہوریہ کانگو کے صدر فیلکس ٹوسکیڈی کنشاسا میں پوپ فرانسس کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ 31 جنوری 2023

ویٹیکن کے اعدادوشمار کے مطابق کانگو کی ایک کروڑ سے زیادہ آبادی میں سے تقریباً نصف کیتھولک ہیں۔

(اس رپورٹ کے لیے معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)

XS
SM
MD
LG