رسائی کے لنکس

گمشدہ طیارہ: امریکی جہاز تلاش کی سرگرمیوں میں شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

’’اوشین شیلڈ‘‘ نامی جہاز کو اس مقام تک پہنچنے میں چند دن لگ سکتے ہیں جہاں حکام کے خیال میں بوئنگ 777 گر کر تباہ ہوا۔

آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ گمشدہ ملائیشین طیارے کے تلاش میں مدد کے لیے ’’بلیک باکس‘‘ کا پتا لگانے والے جدید آلات سے لیس ایک امریکی بحری جہاز اتوار کو روانہ ہو گیا ہے۔

’’اوشین شیلڈ‘‘ نامی جہاز کو اس مقام تک پہنچنے میں چند دن لگ سکتے ہیں جہاں حکام کے خیال میں بوئنگ 777 گر کر تباہ ہوا۔

عہدیداروں کے مطابق اتوار کو 10 بحری اور 10 ہوائی جہاز بحر ہند میں لاپتا مسافر طیارے کی تلاش میں سرگرم رہے۔

دریں اثنا لاپتا طیارے کے مسافروں کے درجنوں چینی لواحقین اتوار کو کوالالمپور پہنچے اور انھوں نے انتہائی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے طیارے کو پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے ملائیشین حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ ٹھوس شواہد ہونے کے باوجود بھی انھیں اس بابت آگاہ نہیں کر رہے۔

آٹھ مارچ کو کوالالمپور سے بیجنگ جانے والے مسافر جہاز پرواز کے ایک گھنٹے بعد لاپتا ہوگیا تھا۔ اس پر عملے سمیت 239 افراد سوار تھے۔ مسافروں میں اکثریت کا تعلق چین سے تھا۔

ہفتہ کو چین کے جہازوں نے بحرہند میں مزید کچھ چیزوں کی نشاندہی کی تھی جن کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جارہا تھا کہ یہ لاپتا طیارے کے ’’ملبے کا حصہ‘‘ ہو سکتی تھیں۔ تاہم تفتیش کاروں کے مطابق ان اشیا کو پانی سے نکالنے کے بعد معلوم ہوا کہ ان کا جہاز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ملائیشین مسافر طیارے 370 کی تلاش کا کام اب چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔ جمعہ کو اس کی تلاش کا کام کا دائرہ مزید ایک ہزار کلومیٹر تک بڑھا دیا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG