رسائی کے لنکس

بوئنگ ایران کو فاضل پرزہ جات فراہم کرے گا


ادارے کے ترجمان کے مطابق اس کا مقصد تہران کے جہازوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ہے لیکن فی الوقت انھیں نئے جہاز فروخت نہیں کیے جاسکیں گے۔

مسافر طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کا کہنا ہے کہ اسے ایران کو محدود مدت کے لیے کچھ فاضل پرزہ جات فراہم کرنے کی اجازت مل گئی ہے تاکہ یہ ملک اپنے تجارتی فضائی بیڑے کے پرانے جہازوں کی مرمت کر سکے۔

1979ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس بڑی کمپنی نے ایران کے ساتھ کاروبار کیا۔ واشنگٹن نے ایران میں اپنے مغویوں کے معاملے پر تہران پر کئی پابندیاں عائد کر رکھی تھیں اور بعد ازاں اس کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے بھی کئی تعزیرات لگائی گئیں۔

لیکن حال ہی میں ایران کی طرف سے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق سرگرمیاں محدود کیے جانے کی وجہ سے کچھ تعزیرات میں نرمی کی گئی۔

بوئنگ کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ادارہ ایران کو درکار فاضل پرزہ جات فراہم کرسکتا ہے تاکہ اس کے جہاز بحفاظت فضائی سفر کر سکیں لیکن، کمپنی کو فی الوقت نئے جہاز تہران کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں۔

اس بارے میں بین الاقوامی تعزیرات پر عملدرآمد کروانے والے امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
XS
SM
MD
LG