رسائی کے لنکس

بالی وڈ کے کس اداکار کی رواں برس سب سے زیادہ فلمیں ریلیز ہوں گی؟


سن 2021 میں اکشے کمار کی فلم 'سوریاونشی' نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا اور اب اداکار سال 2022 میں متعدد فلموں میں نظر آئیں گے۔
سن 2021 میں اکشے کمار کی فلم 'سوریاونشی' نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا اور اب اداکار سال 2022 میں متعدد فلموں میں نظر آئیں گے۔

عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے دیگر شعبوں کی طرح انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے لیکن اس کے باوجود فلم ساز اور فن کار شائقین کو محظوظ کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس کئی بالی وڈ فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں جن میں سے کچھ نے بے پناہ کامیابی سمیٹی لیکن چند فلمیں ایسی بھی تھیں جو شائقین کو خوش نہ کر سکیں۔

البتہ اس سال بالی وڈ کے کئی معروف اداکار اپنی فلموں کے ذریعے باکس آفس پر مقابلہ کریں گے۔ بالی وڈ کے 'بگ بی' امیتابھ بچن، اکشے کمار، عامر خان، شاہد کپور سمیت دیگر کئی نامور اداکاروں کی فلمیں اس سال ریلیز ہوں گی جن کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

اس وقت اداکار اکشے کمار تمام فن کاروں سے بازی لے گئے ہیں کیوں کہ رواں برس ان کی سب سے زیادہ فلمیں ریلیز ہوں گی۔

سن 2021 میں اکشے کمار کی فلم 'سوریاونشی' نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا اور اب اداکار سال 2022 میں چھ فلموں میں نظر آئیں گے۔

اکشے نے منگل کو اپنی فلم 'بچن پانڈے' کی ریلیز کا اعلان کر کے اپنے چاہنے والوں کو خوش کر دیا ہے۔ اداکار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی نئی فلم ہولی تہوار کے موقع پر 18 مارچ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔​

ایکشن، کامیڈی، ڈرامہ اور رومانس سے بھرپور اس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ کریتی سینن اور جیکلین فرنینڈز بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

اس سے قبل اداکار نے 12 جنوری کو بھی اپنی نئی فلم 'سیلفی' کا اعلان کیا تھا جس میں ان کے ساتھ اداکار عمران ہاشمی بھی ہوں گے۔

اداکار نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کی فلم 'سیلفی' کی عکس بندی کا آغاز جلد کیا جائے گا جو انٹرٹینمنٹ، جذبات اور کامیڈی سے بھرپور فلم ہو گی۔

اداکار 2022 میں فلم 'پریتھوی راج'، 'رکشا بندھن'، 'اوہ مائی گاڈ ٹو'، 'رام سیتو' اور 'گورکھا' میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

1۔ پریتھوی راج

رواں ماہ 21 جنوری کو اکشے کمار کی تاریخی موضوع پر مبنی فلم 'پریتھوی راج' ریلیز ہو گی۔ اس فلم میں اکشے ہندو حکمران پریتھوی راج چوہان کا کردار نبھا رہے ہیں۔

'پریتھوی راج' میں اکشے کمار کے ساتھ اداکار سونو سود اور اداکارہ منوشی چھلر بھی اداکاری کریں گے۔

2۔ رکشا بندھن

ہدایت کار آنند ایل رائے کی فلم 'رکشا بندھن' کی ریلیز 11 اگست 2022 کو متوقع ہے۔ اس فلم میں اداکار اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ بھومی بیڈنیکر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

اس فلم کی کہانی بہن اور بھائی کے مضبوط رشتے کے گرد گھومتی ہے۔

3۔ رام سیتو

رواں برس اداکار اکشے کمار کی فلم 'رام سیتو' متوقع طور پر دیوالی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم 'رام سیتو' کی کہانی ایک ماہرِ آثارِ قدیمہ کے گرد گھومتی ہے۔

'رام سیتو' میں اکشے کمار کے ساتھ جیکلین فرنینڈز اور نشرت بروچا بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

4۔ اوہ مائی گاڈ ٹو

اداکار اکشے کمار کی کامیڈی اور ڈرامہ سے بھرپور فلم 'اوہ مائی گاڈ ٹو' کی ریلیز بھی 2022 میں متوقع ہے۔ اس فلم کی کہانی سماجی مسائل کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں اداکار اکشے کمار کے ساتھ یمی گوتم اور پنکج تریپاٹھی سمیت دیگر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

'اوہ مائی گاڈ ٹو' 2012 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم 'اوہ مائی گاڈ' کا سیکوئل ہے

5۔ گورکھا

اکشے کمار رواں برس اپنی فلم 'گورکھا' میں ایک میجر جنرل کے روپ میں نظر آئیں گے۔

سنجے پورن سنگھ چوہان کی ہدایت میں بننے والی فلم بھارت کی 75ویں یومِ آزادی یعنی 15 اگست 2022 کو ریلیز کی جائے گی۔

اکشے کمار نے 15 اکتوبر 2021 کو فلم کا آفیشل پوسٹر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا ان کے لیے میجر جنرل این کارڈوزو کا کردار ادا کرنا باعثِ فخر ہے۔

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کے علاوہ اجے دیوگن، رنبیر کپور، امیتابھ بچن اور دیگر بڑے اداکار ایک سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

اداکار اجے دیوگن کی فلم آر آر آر، گنگو بائی کاٹھیاواڑی، میدان، رن وے 34 اور تھینک گاڈ بھی متوقع طور پر 2022 میں ہی ریلیز ہوں گی۔

اداکار رنبیر کپور بھی اس سال فلم 'شمشیرا' اور 'برہماستر' میں نظر آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG