رسائی کے لنکس

لباس پر اعتراض، بھارتی اداکارہ گوہر خان کو تھپڑ رسید


گوہر خان ’انڈیاز ۔را۔اسٹار‘ نامی شو کے فنالے کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اقبال ملک نامی شخص نے ان کے لباس پر تنقید شروع کردی۔ پھر اچانک ہی وہ اسٹیج پر چڑھ گیا اور گوہر خان کو تھپڑ جڑ دیا۔ اس کا کہنا تھا کہ مسلم ہونے کی حیثیت سے گوہر کو ایسا لباس زیب تن نہیں کرنا چاہئے تھا

مقبول رئیلٹی شو ’بگ باس‘ جیت کر شہرت پانے والی بالی وڈ ایکٹریس، ماڈل اور ہوسٹ گوہر خان کو ایک ٹی وی شو کی شوٹنگ کے دوران اس وقت اچانک صدمے اورخوف سے دوچار ہونا پڑا جب آڈینز میں موجود ایک شخص نے انہیں تھپڑ رسید کر دیا۔

گوہر خان ”انڈیاز ۔را۔اسٹار“ نامی شو کے فنالے کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اقبال ملک نامی شخص نے ان کے لباس پر تنقید شروع کردی۔ پھر اچانک ہی وہ اسٹیج پر چڑھ گیا اور گوہر خان کو تھپڑ جڑ دیا۔ اس کا کہنا تھا کہ مسلم ہونے کی حیثیت سے گوہر کو ایسا لباس زیب تن نہیں کرنا چاہئے تھا۔

واقعے کے فوری بعد منتظمین نے اقبال ملک کو پولیس کے حوالے کردیا۔ اس شخص کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

گوہر کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کو بھارتی میڈیا کی بہت اہمیت دی ہے ۔ ’ٹائمز آف انڈیا‘ اور ’ہندوستان ٹائمز‘ سمیت تمام اخبارات اور میگزینز نے اس واقعے کو نمایاں انداز میں رپورٹ کیا ہے۔

​اقبال ملک ریاست بہار کے شہر پٹنہ کا رہنے والا ہے اوران دنوں ممبئی میں مقیم اور ویٹر ہے۔

گوہر خان نے واقعے کے فوری بعد موقع پر ہی رونا شروع کردیا جبکہ شو کی شوٹنگ بھی کچھ دیرکے لئے ملتوی کردی گئی۔

بالی وڈ نے گوہر خان کے ساتھ ہوئے حادثے پر سخت ردعمل دکھاتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ ارجن کپور نے ٹوئٹ میں اس واقعے کو’شاکنگ‘ قرار دیا۔

ڈائرکٹر مدھر بھنڈارکر نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ”جہالت اپنے عروج پر ہے۔“

سنی لیون نے گوہر خان کے لباس اور ان کی تعریف کر کے گوہر کی ہمت بندھائی جبکہ ایکٹر ، ڈائریکٹر فرحان اختر کا کہنا ہے کہ گوہر خان پر حملہ کرنے اور اسی جیسی سوچ رکھنے والوں کو شناخت کی اشد ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG