رسائی کے لنکس

انڈین پریمئرلیگ کی افتتاحی تقریب میں بھارتی فنکاروں کی شاندار پرفارمنس


جنوبی بھارت کا مشہور شہر چنائی منگل کی شام اس وقت رنگا رنگ روشنیوں سے نہا گیا جب وائی ایم سی اے کالج آف فزیکل ایجوکیشن میں انڈین پریمئر لیگ کا آغاز ہوا جس میں کرکٹ اور فلمی دنیا کے ایک سے بڑھ کر ایک شہرہ آفاق ستاروں نے اپنی پرفارمنگ سے اسٹیج کو جگمگادیا۔

اسٹیج پر ایک کے بعد ایک ہٹ اور سپرہٹ اسٹار آکر اپنی پرفارمنس دیتا رہا۔ آغاز ہوا امیتابھ بچن کی شاندار آواز سے ۔ انہوں نے ایک ہندی کویتا(نظم) پڑھ کر سب کو مدہوش سا کردیا۔ ادھر پریانکا چوپڑا نے ایک گانے پر رقص کیا تو دوسری جانب انہوں نے اپنی چٹ پٹی باتو ں سے کرکٹ اسٹارز کو بھی رجھایا۔

کرینہ کپور نے اپنی پچھلے سال کی ہٹ فلم ”را۔ون“ کا ہٹ گیت ”چھمک چھلو“ پرفارم کیا تو پورا ہال تالیوں اور سٹیوں سے گونج اٹھا۔ انہوں نے ایک دو اور گانے بھی پرفارم کئے جس پر سیکڑوں کی تعداد میں موجود ناظرین جھوم اٹھے۔ کرینہ کے علاوہ سلمان خان بھی اس تقریب کی شان بڑھانے ممبئی سے چنائی پہنچے ہیں ۔ تقریب میں اپنے مخصو ص ڈانس اسٹیپس میں مہارت رکھنے والے پربھودیو نے بھی پرفارم کیا۔

ملکی فنکاروں کے ساتھ ساتھ معروف امریکی پاپ اسٹار کیٹی پیری بھی دیگر کئی مشہور فلمی ستاروں کے ساتھ افتتاحی تقریب میں شرکت کی غرض سے چنائی میں موجود ہیں۔یہ ان کا پہلا بھارتی دورہ ہے۔ کلونیئل کزنزکے تذکرے کے بغیر یہ تقریب ادھوری ہوتی لہذا انہوں نے بھی پرفارم کیا اور خوب داد وصول کی۔

چنائی کے وائی ایم سی اے گراوٴنڈ میں ہونے والی افتتاحی تقریب کو دیکھنے کے لئے ہزاروں افراد کی بھیڑ موجود ہے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ میں میچزکا آغاز چار اپریل سے ہوگا۔9 ٹیموں کے درمیان 54 دنوں تک مقابلے ہوں گے جبکہ حسب روایات کوئی ایک ٹیم ایک ٹورنامنٹ کی فاتح ہوگی۔

XS
SM
MD
LG