رسائی کے لنکس

اچھا میوزک صرف بالی وڈ تک محدود نہیں، شنکر مہادیون


مہادیون کے بقول وہ تسلیم کرتے ہیں کہ بہت سا نوجوان ٹیلنٹ بالی وڈ سے باہر بھی ہے جو اچھا کام کررہا ہے۔

بالی وڈ کے ٹاپ میوزک کمپوزر اور سنگر شنکر مہادیون کہتے ہیں کہ اچھی آوازیں اور خوبصورت میوزک صرف بالی وڈ تک محدود نہیں بلکہ بالی وڈ سے باہر بھی میوزک ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔

اخبار ”ٹریبیون“ کے مطابق ’برتھ لیس‘، ’جھوم برابر جھوم‘، ’متوا‘ اور ’دیسی گرل‘ جیسے شاندار گانوں کو اپنی آواز اور میوزک سے سجانے والے شنکر مہادیون نے خبر ایجنسی 'آئی اے این ایس' سے باتیں کرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے پر زور دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "میں خود بالی وڈ کے مین اسٹریم کا حصہ ہوں لیکن پھر بھی میں تسلیم کرتا ہوں کہ بہت سا نوجوان ٹیلنٹ بالی وڈ سے باہر بھی ہے جو اچھا کام کررہا ہے اور جسے سامنے لانا چاہئے۔ سولو میوزک کرنے والے بھی زبردست میوزک تخلیق کر رہے ہیں"۔

مہادیون کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا ایک بہترین ذریعہ میوزک فیسٹول بھی ہیں۔ مختلف جگہوں پر منعقد کئے جانے والے میوزک میلے نوجوان گلوکاروں اورمیوزیشنز کو دنیا کے سامنے لانیکا بہترین ذریعہ ہیں۔

شنکر نے میوزک بینڈ 'انڈین اوشین' کے ساتھ مل کر فروری کے شروع میں ’اسٹارم میوزک فیسٹول‘ میں پرفارم کیا جس میں روایتی اور فیوژن میوزک کو پیش کیا گیا۔ اس پرفارمنس پر انہوں نے انڈین اوشین کے ممبرز کی بھی تعریف کی۔

"میں’ انڈین اوشین‘ کے ساتھ کام اس لئے کرنا چاہتا تھا کہ یہ موسیقی کو سمجھنے والے لوگ ہیں۔ فیسٹول کے ڈائریکٹر لاون اوتھپاپا نے جب مجھے فیسٹول میں پرفارم کرنے کا کہا تو فورامیرا جواب تھا ہاں"۔

فروری کی پہلی اور دوسری تاریخ کو میوزک اسٹارم فیسٹول میں نئے اور پرانے گانے پیش کئے گئے۔ تجرباتی میوزک کو بھی سننے والوں نے سراہا۔ شنکر نے اپنے لازوال گانے ’برتھ لیس‘ کو نئے طریقے سے گاکر محفل لوٹ لی۔

میوزک لورز کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فیسٹو ل ہرجگہ ہونے چاہئیں تاکہ اچھامیوزک سننے کو ملے اور نوجوان میوزک کمپوزرز اور گلوکاروں پر کامیابی کے دورازے کھل جائیں۔
XS
SM
MD
LG