رسائی کے لنکس

راولپنڈی: محرم کے جلوس پر خود کش حملہ، 10 ہلاک


فائل
فائل

جلوس جب امام بارگاہ 'قصرِ شبیر' کے نزدیک پہنچا تو ایک مشتبہ شخص نے جلوس میں داخل ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکنے پر اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا لیا۔

راولپنڈی میں ایک مذہبی جلوس میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 20 سے زائد کے زخمی ہو گئے۔

دھماکہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں محرم الحرام کے سلسے میں نکالے جانے والے ایک جلوس میں رات ساڑھے گیارہ بجے کے لگ بھگ ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق محرم کا جلوس جب علاقے کی امام بارگاہ 'قصرِ شبیر' کے نزدیک پہنچا تو ایک مشتبہ شخص نے جلوس میں داخل ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکنے پر اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی جس سے امدادی سرگرمیاں متاثرہوئیں۔

واقعے کے بعد جلوس کے شرکا غم وغصے کے عالم میں جائے حادثہ پر جمع ہو کر نعرے بازی بھی کرتے رہے جس کے باعث پولیس کو شواہد اکٹھے کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔

دھماکے کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال، کمبائنڈ ملٹری اسپتال اور شہر کے دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

قبل ازیں، بدھ کی شام کراچی میں بھی ایک امام بارگاہ کے نزدیک یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے جن میں دو افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

راولپنڈی میں محرم کے جلوس میں دھماکہ آٹھ بڑے ترقی پذیر مسلم ممالک کے سربراہی اجلاس سے صرف ایک روز قبل ہوا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ایران، نائجیریا اور انڈونیشیا کے صدور اور ترک وزیر اعظم پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG