رسائی کے لنکس

تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے، ہارون طارق


’کامیابی ملنے تک امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے‘: ہونہار طالب علم کی خصوصی بات چیت

حال ہی میں، پاکستانی نوجوان ہارون طارق نے کیمبرج امتحانات میں عالمی ریکارڈ قائم کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے۔

ہارون طارق نے کیمبرج امتحانات میں 4 ریکارڈ قائم کئے ہیں، جس میں ایک ریکارڈ ‘گریڈ اے لیول‘ میں نمایاں کامیابی؛ دوسرا ریکارڈ ’او لیول پلس آئی جی سی‘ میں 37؛ کیمبرج امتحان میں 39 ’اے گریڈ‘ اور اے لیول میں 47 گریڈ لینا شامل ہے۔ انگلینڈ بورڈ سے منسلک ان کیمبرج امتحانات میں لگ بھگ 50 پاکستانی طالبعلموں نے حصہ لیا۔

’وائس آف امریکہ‘ کی نمائندہ سے گفتگو میں ہارون طارق کا کہنا تھا کہ عالمی ریکارڈ بنانے سے پہلے وہ کبھی اپنی کلاس میں بہترین طالبعلم نہیں رہے۔ اُن کے بقول، میرا شمار ٹاپ 5 کے طالبعلموں میں ہوتا تھا۔ مگر، میری سچی لگن، محنت اور امید نے عالمی ریکارڈ ہولڈر پاکستانی طالبعلم کا اعزاز دلوایا ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں، اُنھوں نے کہا کہ، ’میں نے دن رات پڑھائی نہیں کی۔ امتحانات قریب ہوتے تو صرف 10 گھنٹے پڑھائی کیلئے مختص کرتا اور لگن سے پڑھتا تھا‘۔

ایکساتھ 4 عالمی ریکارڈ کے حوالے سے ہارون کا کہنا تھا کہ ’کیمبرج کے امتحانات میں طالب علم عموماً 8 مضامین کا انتخاب کرتے ہیں۔ مگر، میں نے 8 سے زائد مضامین کو پڑھنے کا سوچا؛ اور گائیڈ اور کوچنگ لینے کے بجائے خود محنت پر یقین رکھا۔‘

ہارون نے کیمبرج امتحان میں معاشیات، انجینئرنگ، سائنس اور مذہبی مضامین اور دیگر لٹریچر کے مضامین کو چنا، جبکہ وہ انجینئرنگ کے شعبے کو بطور پیشے کے اپنانا چاپتے ہین۔

اُن کے بقول، افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کی یونیورسٹیاں عالمی سطح پر نام حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں، اس لئے باہر جاکر تعلیم حاصل کروں گا اور وطن واپس اکر ملک کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں۔


اپنے پیغام میں، اُن کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے نوجوان ہمت نہ ہاریں، رسک کے بغیر کامیابی حاصل کرنا ناممکن ہے، کامیابی کے حصول تک امید کا دامن نہ چھوڑیں‘۔

پاکستانی تعلیم کے متعلق ہارون کا کہنا تھا کہ، ’پاکستان میں تعلیم کو رٹہ سسٹم بنا دیا گیا ہے۔ آج کل وہ طالبعلم ٹاپ پوزیشن لے رہے ہیں جن کا حافظہ تیز ہے مگر اگے چل کر طالبعلموں کے لیے یہی نظام پریشانی کا باعث بنتا ہے‘۔

ہم جماعتوں سے مقابلے پر ہارون کہتے ہیں کہ، ’عالمی ریکارڈ سے پہلے تمام ہم جماعتوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایاجاتا تھا، مگر آج اُنہی کلاس فیلوز کیلئے میں ایک مثال بن گیا ہوں، جبکہ مجھے دیکھ کر مزید پاکستانی طالبعلم بھی عالمی ریکارڈ بنانے کے خواہاں ہیں۔‘

ہارون کہتے ہیں کہ انھیں ان کے والدین اور دوستوں کی جانب سے ہمیشہ سپورٹ حاصل رہی ہے، جبکہ تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ ہارون مختلف کھیلوں فٹبال اور کرکٹ میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG