رسائی کے لنکس

بونیر: بم حملے میں قومی وطن پارٹی کا مقامی رہنما ہلاک


عدالت خان گوکند سے بونیر میں ڈگر کے علاقے کی طرف جارہے تھے کہ گاڑی کو مشتبہ شدت پسندوں نے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بونیر میں ہفتہ کو ایک بم دھماکے میں قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنما سمیت دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس کے ایک افسر غلام خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ عدالت خان گوکند سے بونیر میں ڈگر کے علاقے کی طرف جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو مشتبہ شدت پسندوں نے ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

عدالت خان اور ان کا ایک ساتھی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی اس کے محرکات کے بارے میں فوری طور پر کچھ معلوم ہو سکا ہے۔

عدالت خان پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے جب کہ وہ ڈسٹرکٹ بار کے صدر اور تحصیل ناظم بھی رہ چکے تھے۔

قومی وطن پارٹی ملک کے سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ کی جماعت ہے اور اُن پر بھی کئی قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں۔

بونیر وادی سوات سے ملحقہ ضلع ہے جہاں سکیورٹی فورسز نے 2009ء میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی فوجی کارروائی کر کے علاقے پر حکومت کی عمل داری بحال کی تھی۔
XS
SM
MD
LG