رسائی کے لنکس

برما: سمندری طوفان نرگس سے بحالی کی کارروائیوں پر اقوام متحدہ کا اظہارِ اطمینان


برما میں آنے والے سمندری طوفان نرگس سے بحالی پر اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بچوں کی نشوونما اور صحت کی دیکھ بھال جیسے اہم شعبوں میں بہتری آئی ہے۔

منگل کے روز جاری ہونےوالی رپورٹ میں ارا وادی ڈیلٹا میں دو سال سے کم عرصے قبل مئی 2008ء میں آنے والے اس مہلک سمندری طوفان سے بحالی کے بارے میں ایک مثبت اندازہ سامنے آیا ہے، جس نے پورے خطے کواپنی لپیٹ میں لے لیاتھا۔

سمندری طوفان نرگس میں ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے اور اس کے متاثرین کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ تھی۔ طوفان سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ چار ارب ڈالرسے زیادہ کالگایا گیاتھا۔

تاہم برما میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈی نیٹر آفس کے ایک خصوصی معاون اسبن ہاربو نے کہا ہے کہ ابھی بھی لوگوں کے حالات زندگی بہتر بنانے کے لیےبہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا کے علاقے میں ترقی کے فقدان اور غربت کے باعث ابھی تک چیلنج درپیش ہیں۔ برما جنوب مشرقی ایشیا کےغریب تریم ممالک میں ایک ہے۔

اقوام متحدہ، آسیان اور برما کی فوجی حکومت کے تعمیر نو کے ایک منصوبے میں 69 کروڑ ڈالر کی امداد کے لیے کہا گیا ہے۔ امدادی کارکن بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ اراوادی ڈیلٹا میں رہنے والوں کی مکمل بحالی کے لیے مزید بین الاقوامی مالی امداد کی ضرورت ہوگی۔

XS
SM
MD
LG