رسائی کے لنکس

کیلیفورنیا: مشتبہ حملہ آور فلمساز کا بیٹا تھا


فلم "دی ہنگر گیمز" کے نائب ہدایت کار پیٹر روجرز کے وکیل کا کہنا ہے کہ روجرز فیملی کا ماننا ہے کہ ان کا بیٹا سانتا باربرا میں ہونے والی فائرنگ کا ذمہ دار ہے۔

کیلیفورنیا میں جمعہ کو فائرنگ کر کے چھ افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ہالی ووڈ کے فلم ساز پیٹر روجرز کا بیٹا تھا۔

فلم "دی ہنگر گیمز" کے نائب ہدایت کار پیٹر روجرز کے وکیل کا کہنا ہے کہ روجرز فیملی کا ماننا ہے کہ ان کا بیٹا سانتا باربرا میں ہونے والی فائرنگ کا ذمہ دار ہے۔

جمعہ کو نوجوان حملہ آور نے کیلیفورنیا یونیورسٹی کے قریب مختلف مقامات پر فائرنگ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

کھڑی گاڑیوں سے اپنی گاڑی ٹکرانے سے قبل حملہ آور کا دو مرتبہ پولیس سے مسلح آمنا سامنا ہوا۔ حملہ آور کے سر میں گولی لگی اور اس کی لاش گاڑی سے برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق 22 سالہ ایلیٹ روجر نے قتل عام کا سلسلہ اپنے اپارٹمنٹ سے شروع کیا جہاں اس نے تین افراد کو خنجر کے وار کر کے ہلاک کیا۔ بعد ازاں اس نے دو خواتین اور ایک شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کیا۔

پولیس کا کہنا ہے سانتا باربرا سٹی کالج کے طالب علم روجر نے پھر اپنی گاڑی میں سوار ہو کر پیدل چلنے والوں پر گولیاں برسانا شروع کیں جس سے کم ازکم 13 افراد زخمی ہوگئے۔

حکام کے بقول پولیس کو حملہ آور کی لاش گاڑی میں سے ملی اور بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ اس نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے سے قبل ایلیٹ نے انٹرنیٹ پر ایک وڈیو بھی جاری کی جس میں اس نے ان تمام لوگوں کو قتل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جنہوں نے اس کے بقول اسے دھوکہ دیا۔ حملہ آور نے اپنے فیس بک پیج پر بھی ایک طویل پیغام تحریر کیا جس میں اس نے خواتین سے تعلقات استوار کرنے کے معاملے میں خود کو ایک ناکام شخص قرار دیا۔


سانتا باربرا کاؤنٹی کے شیرف باب براؤن نے اس واقعے کو "ایک پاگل شخص کی کارروائی" قرار دیا۔

براؤن کے مطابق گزشتہ ماہ ایلیٹ کے اہل خانہ کی درخواست پر پولیس اہلکار اسے دیکھنے اس کے اپارٹمنٹ میں گئے جہاں وہ انھیں ایک نرم خو اور شرمیلے نوجوان کے طور پر ملا، لیکن وہ سماجی مسائل کا شکار انسان تھا۔
XS
SM
MD
LG