رسائی کے لنکس

کینیڈا کی ماؤنٹڈ پولیس میں مسلمان خواتین کو حجاب پہننے کی اجازت


رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے مسلمان خواتین افسران کو ڈیوٹی کے دوران وردی کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت دینے کے لیے وردی کی ایک نئی پالیسی کو اپنایا ہے۔

کینیڈا میں حال ہی میں شاہی گھڑ سوار پولیس کے محکمے میں خدمات انجام دینے والی مسلمان خواتین افسران کو وردی کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔

رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے مسلمان خواتین افسران کو ڈیوٹی کے دوران وردی کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت دینے کے لیے وردی کی ایک نئی پالیسی کو اپنایا ہے۔

اس پولیس فورس میں شامل اہلکاروں کو عام طور پر ماؤنٹیز کہا جاتا ہے، جن کی مخصوص یونیفارم پولیس کے محکمے کے دیگر افسران کے مقابلے میں منفرد اور ممتاز ہوتی ہے۔

رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) اپنی مخصوص طرز کی وردی کے لیے مشہور ہے یہ ہائی کلر کی سرخ لمبی قمیض، نیلے پاجامے، کتھئی مہم جو ہیٹ یا بڑے کناروں والی ٹوپی، گھڑ سواری کے چمڑے کے جوتے اور کتھئی رنگ کے ہاتھوں کے دستانے پر مشتمل ہے جبکہ اب وردی میں مسلمان خواتین کے لیے حجاب کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سی بی سی نیوز کے مطابق کینیڈا عوامی تحفظ کے وزیر رالف گوڈیل کے ترجمان اسکاٹ بارڈسلی نے ایک بیان میں کہا کہ کے کمشنر باب پالسن نے حال ہی میں پولیس وردی میں ترمیم کی پالیسی کی منظوری دی ہے جس کے تحت مسلمان خواتین افسران کو وردی کے ساتھ سر پر اسکارف یا حجاب پہننے کی اجازت ہو گی۔

پولیس فورس کی اسٹاف سارجنٹ جولی گیگنن نے کہا کہ موجودہ پالیسی کا نفاذ جنوری کے مہینے میں کیا گیا تھا تاہم اوٹاوہ کی حکومت کی طرف سے اس ہفتے با ضابطہ طور پر پالیسی سے مطلع کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کا مقصد کینیڈین کمیونٹیز کی صفوں میں تنوع کی عکاسی ہے اور مسلمان خواتین کو ایک کرئیر آپشن کے طور پر پولیس کی ملازمت کی جانب راغب کرنا ہے۔

انھوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پولیس کے محکمے میں مسلمان خواتین افسران کے لیے مخصوص طرز کا حجاب تیار کیا ہے۔

1873ء میں رائل کینڈین ماؤنٹیڈ پولیس فورس کے قیام سے لے کر اب تک وردی کی پالیسی میں مختلف اوقات میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

جس کے تحت سکھ عقیدے سے تعلق رکھنے والے مرد پولیس افسران کو 1990ء سے پولیس وردی کے ایک حصے کے طور پر سر پر پگڑی پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔

ٹورنٹو پولیس فورس نے 2011ء میں وردی کے ساتھ حجاب کے اختیارات کو متعارف کرایا تھا جب کہ ایڈمنٹن شہر کی پولیس نے 2013ء میں مسلمان خواتین عملے کو وردی کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت دی تھی۔

اسی طرح برطانیہ، سویڈن، ناروے اور امریکہ کی کچھ ریاستوں میں پولیس نے مسلمان خواتین کو فرائض کی انجام دہی کے دوران حجاب پہننے کی اجازت دی ہے۔

حال ہی میں اسکاٹ لینڈ کی پولیس نے بھی اپنی مسلمان خواتین افسران کو حجاب پہننے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG