رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کو شکست، انگلینڈ فائنل میں


ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں 20 جون کو سری لنکا کا مقابلہ بھارت سے ہو گا جس کی فاتح ٹیم 23 جون کو فائنل میں انگلینڈ کی مدِ مقابل ہوگی۔

'آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی' کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

بدھ کو لندن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کی پوری ٹیم 39 ویں اوور میں 175 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

جواباً میزبان ٹیم نے 176 رنز کا ہدف 38 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جوناتھن ٹراٹ 82 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ جو روٹ نے 48 رنز بنائے۔

اس سے قبل جب جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کے بلے بازوں کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا۔ صرف چار رنز کے مجوعی اسکور پر 'پروٹیز' کے دونوں ابتدئی بلے باز ہاشم آملا (1) اور انگرام بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ چکے تھے۔

ایک موقع پر جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے۔ تاہم کلینویٹ اور ملر کے درمیان 95 رنز کی شراکت نے ٹیم کو کچھ ڈھارس دلائی۔

کلینویٹ 43 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئےجب کہ ملر 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹریڈویل اور براڈ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیمز اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ بھارت سے 20 جون کو ہو گا جس کی فاتح ٹیم 23 جون کو فائنل میں انگلینڈ کی مدِ مقابل ہوگی۔
XS
SM
MD
LG