رسائی کے لنکس

چین: زلزلے سے کم ازکم چار افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مرنے والوں میں ایک 70 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جبکہ زلزلے کے وقت ایک اسکول میں بھگدڑ مچنے سے 42 بچے بھی زخمی ہوئے۔

چین کے مغربی خطے میں اتوار کو حکام کے بقول طاقتور زلزلے سے چار افراد ہلاک جب کہ 54 زخمی ہو گئے۔

زلزلے کا مرکز سیچوان صوبے میں کاؤنٹی کانگ ڈنگ قصبے سے 30 کلومیٹر دور تھا۔

امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق ہفتہ کو دیر گئے آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جب کہ چینی ارضیاتی نیٹ ورک کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 تھی اور اس کے مرکز کی گہرائی 18 کلو میٹر زیر زمین تھی۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق زلزلے سے مرنے والوں میں ایک 70 سالہ خاتون بھی شامل ہیں جبکہ زلزلے کے وقت ایک اسکول میں بھگدڑ مچنے سے 42 بچے بھی زخمی ہوئے۔

سیچوان میں حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث 30 مکانات منہدم ہو گئے جب کہ 2,630 کو شدید نقصان پہنچا۔

اس پہاڑی علاقے میں پہلے بھی زلزلے آتے رہے ہیں۔ مئی 2008ء میں صوبہ سیچوان میں 7.9 شدت کے زلزلے میں لگ بھگ 90,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG