رسائی کے لنکس

ایران کے خلاف پابندیوں کے لیے چینی حمایت کی اسرائیلی کوشش


اسرائیل کے سینئر عہدے دار چینی راہنماؤں سے بات چیت کے لیے ان دنوں بیجنگ میں ہیں۔ توقع ہے کہ مذاکرات کے ایجنڈے میں سب سے زیادہ اہمیت اس چیز پرہوگی کہ چین ، ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کی کوشش کی حمایت کرے۔

اسرائیل کے حکمت عملی سے متعلق امور کے وزیر موشے یالون ، چین کے سٹیٹ کونسلر دائی بن گوؤ کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے بیجنگ میں ہیں۔

اسرائیلی حکام کے اس دورے کے موقع پر، اگرچہ دونوں ممالک دوطرفہ معاملات پر گفتگو میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم زیادہ تر یہ خیال کیا جارہاہے کہ مسٹر یالون ، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ایران کے خلاف پابندیوں کے لیے چینی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

تہران کے خلاف اس کے متنازع جوہری پروگرام کے باعث ، تہران کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کے سلسلے میں ، سلامتی کونسل میں ویٹو پاور رکھنے والے ایک ملک کے طورپر چین کی حمایت بہت اہم ہے۔

لیکن ایرانی تیل میں چین کی نمایاں دلچسپی اور اس کا ایک اتحادی ملک ہونے کی وجہ سے بیجنگ پابندیوں کی کسی بھی ایسی مہم کی مخالفت کرتا رہاہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان شین گانگ نے مذاکرات کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ کا اب بھی یہ خیال ہے کہ ایران کے حوالے سے پیش رفت کے لیے مذاکرات ہی ایک راستہ ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ چین کا اب بھی یہ خیال ہے کہ اس سلسلے میں اب بھی سفارت کاری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ تمام متعلقہ فریق اس مسئلے کے پرامن حل کے لیے کام کریں گے۔

ان کا کہناتھا کہ چین موجودہ تناؤ کو کم کرنے کے لیے پابندیاں عائد کرنے کے خواہش مند ممالک، امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا اور روس کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔

XS
SM
MD
LG