رسائی کے لنکس

مظاہروں کے پیشِ نظر 'اِنر منگولیا' میں سیکیورٹی انتظامات سخت


مظاہروں کے پیشِ نظر 'اِنر منگولیا' میں سیکیورٹی انتظامات سخت
مظاہروں کے پیشِ نظر 'اِنر منگولیا' میں سیکیورٹی انتظامات سخت

چین کی جانب سے انر منگولیا کے نیم خودمختار علاقے میں ایک مقامی چرواہے کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر بڑی تعداد میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے متوقع مظاہروں سے قبل وسیع رقبے پر پھیلے 'اِنر منگولیا' میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ علاقے کے کئی شہروں کو انٹرنیٹ تک رسائی بھی منقطع کردی گئی ہے۔

امریکہ میں قائم 'جنوبی منگولین مرکزِ اطلاعات برائے حقوِق انسانی ' نے کہا ہے کہ پیر کے روز علاقے کے تمام شہروں میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ مرکز نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے کے رہائشیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلیے دنیا بھر میں موجود چینی سفارت خانوں کے سامنے پیر کے روز احتجاجی مظاہرے کریں۔

واضح رہے کہ ہلاک ہونے والے چرواہے کا تعلق علاقے کی اصل رہائشی مقامی منگولین نسل سے تھا۔ مقامی منگول چین کے زیرِ اتنظام 'اِنر منگولیا' کے نیم خودمختار علاقے کی کل آبادی کا محض 20 فی صد ہیں اور چین کی اکثریتی 'ہان' نسل کی جانب سے اپنے حقوق پامال کیے جانے کا شکوہ کرتے آئے ہیں۔

'ہان' نسل کے باشندے چین سے بڑی تعداد میں ہجرت کرکے 'اِنر منگولیا' میں آبسے ہیں اور علاقے میں موجود کوئلہ کے وسیع ذخائر کی کان کنی کی صنعت سے منسلک ہیں۔

مقامی منگول شخص 10 مئی کے روز ایک ٹرک کی ٹکر سے اس وقت ہلاک ہوگیا تھا جب علاقے کے چرواہے کان کنی کیلیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کی جانب سے چراگاہوں کو روندنے کے خلاف ایک سڑک بلاک کرکے احتجاج کر رہے تھے۔

چرواہے کے قتل کے الزام میں دو افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد سے چین کے اس وسیع شمالی علاقے میں چرواہوں، طلبہ اور عام افراد کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG