رسائی کے لنکس

چینی وزیرِاعظم، امریکی وزیرِ خارجہ کا دورۂ افریقہ


Li-Keqiang-and-John-Kerry
Li-Keqiang-and-John-Kerry

سیکریٹری کیری افریقی ممالک کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب چین کے وزیرِ اعظم لی کیچیانگ بھی آئندہ ہفتے چار افریقی ملکوں کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری افریقی ممالک کے دورے کے پہلے مرحلے میں ایتھوپیا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ حکام کے ساتھ جنوبی سوڈان میں جاری سیاسی بحران پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

سیکریٹری کیری افریقی ممالک کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب چین کے وزیرِ اعظم لی کیچیانگ بھی آئندہ ہفتے چار افریقی ملکوں کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔

'وائس آف امریکہ' کے نمائندے اسکاٹ اسٹرنز اس دورے میں امریکی وزیرِ خارجہ کے ہمراہ ہیں جن کے مطابق جان کیری بدھ کی شب ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا پہنچے۔

سیکریٹری کیری جمعرات کو ایتھوپیا، یوگینڈا اور کینیا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جن میں جنوبی سوڈان کا بحران زیرِ غور آئے گا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران سیکریٹری کیری جنوبی سوڈان کی حکومت اور باغیوں کو لڑائی روکنے سے متعلق "سخت پیغام" دیں گے۔

امریکی حکومت پہلے ہی جنوبی سوڈان میں حالیہ پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سفری اور اقتصادی پابندیاں لگانے کی دھمکی دے چکی ہے۔

جنوبی سوڈان کی حکومت کے حامی فوجی دستوں اور باغیوں میں ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں اب تک 10 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

عدیس ابابا میں موجودگی کے دوران سیکریٹری کیری جمہوریہ وسطی افریقہ میں جاری تشدد پر بھی افریقی یونین کے حکام کے ساتھ بات چیت کریں گے جہاں عیسائی ملیشیاؤں کے حملوں کے باعث ہزاروں مسلمان بے گھر ہوچکے ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ کی عدیس ابابا میں صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد کے ساتھ بھی ملاقات متوقع ہے جس میں دونوں رہنما 'القاعدہ' سے منسلک شدت پسند صومالی تنظیم 'الشباب' کے خلاف جاری لڑائی سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

ایتھوپیا کے دورے کی تکمیل کے بعد جان کیری ہفتے کو عوامی جمہوریہ کانگو پہنچیں گے جہاں ان کی صدر جوزف کبیلا کے ساتھ ملاقات طے ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران مشرقی کانگو میں باغیوں کےخلاف فوجی کارروائی میں ہونے والی حالیہ پیش رفت بھی زیرِ بحث آئے گی۔

افریقی ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں سیکریٹری کیری اتوار کو انگولا جائیں گے جہاں وہ صدر جوس ایڈوارڈ سے ملاقات کریں گے۔

انگولا میں ایک روز گزارنے کے بعد جان کیری پیر کو واپس واشنگٹن روانہ ہوجائیں گے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کی براعظم سے واپسی سے قبل ہی چین کے وزیرِ اعظم کے افریقی ممالک کے آٹھ روز طویل دورے کا آغاز ہوجائے گا۔

چار سے 11 مئی تک جاری رہنے والے اس دورے کو افریقہ میں چین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اثر و رسوخ کا ایک نمایاں مظاہرہ قرار دیا جارہا ہے۔

اپنے دورے کے دوران چینی وزیرِا عظم تیل کی دولت سے مالا مال افریقی ملک انگولا کے علاوہ نائیجیریا، ایتھوپیا اور کینیا جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG