رسائی کے لنکس

چین میں برطانوی، امریکی نجی سراغ رساں گرفتار


ان گرفتاریوں کی وضاحت کرتے ہوئے حکام نے منگل کو کہا کہ دونوں نجی تفتیش کاروں نے چینی باشندوں کی جائیداد سمیت سفری اور ذاتی معلومات حاصل کیں۔

چین میں ایک برطانوی شخص اور اُن کی امریکی اہلیہ پر چینی باشندوں سے متعلق ذاتی معلومات کے غیر قانونی حصول اور فراہمی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پیٹر ہمفری اور ینزینگ یو کو جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور یہ کارروائی بظاہر برطانوی دوا ساز کمپنی گلیکسو سمتھ کلائن (جی ایس کے) کی جانب سے مبینہ رشوت ستانی سے متعلق چین کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔

ان گرفتاریوں کی وضاحت کرتے ہوئے حکام نے منگل کو کہا کہ دونوں نجی تفتیش کاروں نے چینی باشندوں کی جائیداد سمیت سفری اور ذاتی معلومات حاصل کیں۔

حکام نے بتایا کہ یہ معلومات مختلف کمپنیوں کو مہنگے داموں بیچی گئیں۔

دونوں شخصیات چائینا وائیز لیمٹڈ نامی کمپنی چلا رہے تھے، جس نے جی ایس کے سمیت مختلف کمپنیوں کے ساتھ کام کیا۔ چین کے سرکاری میڈیا نے اس بات پر کوئی تذکرہ نہیں کیا۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق ہمفری خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے ساتھ بطور صحافی کام کر چکا ہے، جب کہ یو ’’نے کچھ بھی پوشیدہ رکھے بغیر جرم کا اعتراف کر لیا ہے‘‘۔

امریکی اور برطانوی حکام نے فوری طور پر کسی ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG