رسائی کے لنکس

چین: ریستوران کی تشہیر کرنے والے 'اسپارٹن جنگجو' گرفتار


بیجنگ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ "زیر جاموں میں ملبوس غیر ملکیوں کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔"

چین میں پولیس نے ان 40 سے زائد غیر ملکی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جو قدیم یونان کی ریاست 'اسپارٹا' کے جنگجووں کا بہروپ دھارے ایک ریستوران کی تشہیر کر رہے تھے۔

چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق نوجوانوں کی خدمات دارالحکومت بیجنگ کے ایک ریستوران نے اپنی تشہیری مہم کے لیے حاصل کی تھیں جس کے تحت انہیں ایک ہفتے تک یونانی جنگجووں کا بھیس دھارے لڑاکا دستے کی صورت میں بیجنگ کی سڑکوں پر گشت کرنا تھا اور دفتروں میں کام کرنے والے ملازمین کو مفت سلاد فراہم کرنا تھا۔

اسپارٹا کے جنگجووں کا معروف بھورا چوغہ اور زیرِ جامہ پہنے ان نیم برہنہ نوجوانوں نے اپنی اس انوکھی تشہیری مہم کا آغاز بدھ کو بیجنگ کے معروف کاروباری مرکز 'سین لیٹن' سے کیا تھا جہاں راہ گیروں اور خریداروں نے ان کی اس منفرد وضع قطع میں خاصی دلچسپی لی اور ان کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں۔

لیکن جنگجووں کی طرح نعرے لگاتے اور لڑائی کے مختلف داؤ پیچ کا مظاہرہ کرتے ان نوجوانوں کو اس وقت مشکل صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا جب بیجنگ پولیس کے ایک دستے نے انہیں اپنی "حربی" صلاحیتوں کے مظاہرے سے نہ صرف روکا بلکہ گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔

بعض مقامی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے نوجوانوں کو کئی بار اپنا "تماشا" بند کرنے کا حکم دیا تھا جس سے، پولیس کے بقول، افرا تفری پھیل رہی تھی۔

لیکن نوجوانوں کے کان نہ دھرنے پر پولیس حرکت میں آئی اور تمام 40 غیر ملکی "جنگجووں" کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے 'شنہوا' نے اپنی رپورٹ میں نوجوانوں کو گرفتار نہ کرنے کا تاثر دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے "نیم برہنہ غیر ملکیوں کو منتشر کردیا"۔

لیکن سرکاری اخبار 'پیپلز ڈیلی' نے لکھا ہے کہ نوجوانوں کے گروپ کو "نظم و ضبط میں خلل ڈالنے" کے الزام میں "بیجنگ پولیس اپنے ساتھ لے گئی ہے"۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بعض نوجوانوں نے گرفتاری میں مزاحمت کی کوشش بھی کی جس پر پولیس نے سختی کا مظاہرہ کیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی تصاویر میں نوجوانوں کو سڑک پر اوندھا لیٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ان کی پشت پر پولیس اہلکار سوار ہیں۔

بعد ازاں بدھ کی شب بیجنگ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ "زیر جاموں میں ملبوس غیر ملکیوں کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کو حرکت میں آنا پڑا۔"

'اسپارٹا' 400 سال قبلِ مسیح میں یونان کی ایک مستحکم شہری ریاست تھی جس کے فوجی 'اسپارٹن' کہلاتے تھے اور اپنی سخت کوشی، منفرد جنگی تیکنیکوں کے استعمال اور حربی صلاحیتوں کے باعث پورے یونان میں مشہور تھے۔ ہالی ووڈ کی مشہور فلم '300' انہی 'اسپارٹن' جنگجووں پر بنائی گئی تھی۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا پولیس نے گرفتار نوجوانوں کو رہا کیا ہے یا نہیں اور کیا اس متنازع تشہیری مہم کے لیے نوجوانوں کی خدمات حاصل کرنے والے ریستوران کو کسی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

XS
SM
MD
LG