رسائی کے لنکس

امریکی وزیرخارجہ ہیٹی کے دورے پر


امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن ہفتے کے روز شدید زلزلے سے متاثرہ ہیٹی کا دورہ کررہی ہیں جہاں وہ ملک کے صدر سے ملاقات کے علاوہ متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیں گی۔وہ امریکی فوج کے ایک مال بردار طیارے میں پورٹ اوپرنس پہنچیں گی جس میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان بھی لے جایا جارہا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ ان کے اس دورے کا مقصد امریکی حکومت اور عوام کی طرف سے ہیٹی کو مصیبت کی اس گھڑی میں مکمل حمایت، یکجہتی اور ہمدردی کا یقین دلانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”ہمارے دل اور دعائیں ہیٹی کے آفت زدہ عوام کے ساتھ ہیں اور ہم ان بہادر امدادی کارکنوں کے بھی شکرگزار ہیں جن کی دن رات کوششوں کے باعث ملبے تلے دبے لوگوں کو زندہ نکالا گیا“۔

خیال رہے کہ منگل کے روز آنے والے زلزلے کے وقت تقریباً 45ہزارامریکی شہری جن میں اکثریت امریکہ اور ہیٹی کی دہری شہریت رکھنے والے افراد کی ہے، ملک میں موجود تھے۔ان میں سے اب تک تقریباً ایک ہزار امریکی شہریوں کویہاں سے نکالا گیا ہے جب کہ امریکہ نے ایک دوطرفہ معاہدے کے تحت ہیٹی کے ہوائی اڈے کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے جس کا نظام زلزلے کے باعث درہم برہم ہوگیا تھا۔

امریکہ کی طرف سے ہیٹی زلزلہ متاثرین کے لیے اب تک دس کروڑ ڈالر امداد کا وعدہ کیا گیا ہے جب کہ عوام اور غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے عطیات کے بعد امدادمیں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

گزشتہ روز صدر باراک اوباما نے ہیٹی کے صدر رینی پیروال کو فون کرکے یقین دلایا تھا کہ ان کا ملک زلزلے سے متاثرہ ملک کی فوری بحالی اور تعمیر نو میں بھر پور امداد فراہم کرے گا۔

XS
SM
MD
LG