رسائی کے لنکس

سپریم کورٹ کراچی آپریشن سے مطمئن ہے، وزیراعلیٰ سندھ


وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ، ’اب تک ایک ہزار چھ سو کاروائیوں میں 2 ہزار 69 سے زائد مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی میں ہونےوالے رینجرز کے آپریشن سے مطمئن ہے۔ کراچی میں رینجرز کا مختلف علاقوں میں آپریشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ بات وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کراچی میں مقامی صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ، ’اب تک ایک ہزار چھ سو کاروائیوں میں 2 ہزار 69 سے زائد مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں بھتہ خوری کے 14 ملزمان، اغواء برائے تاوان کے 16، منشیات کے دھندوں میں ملوث 373 ملزمان اور 369مفرور ملزمان شامل ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پولیس مقابلوں میں 18 ملزمان ہلاک بھی ہوئے۔

قائم علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ آپریشن کسی سیاسی جماعت یا خاص گروہ کے خلاف نہیں۔ کراچی میں ہونےوالے آپریشن کو شہریوں نے سراہا ہے۔ جبکہ 25 سال پرانا امن و امان کا مسئلہ 2 ہفتے میں حل نہیں ہوسکتا۔ ٹارگٹ کلرز، اغوا اور بھتہ خوری کے ملزمان کا تعاقب پہلی ترجیح ہے۔ رینجرز کی کارروائیوں کے بعد شہر میں جرائم اوربھتہ خوری کے واقعات میں کافی کمی آئی ہے، کراچی میں جرائم کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
XS
SM
MD
LG