رسائی کے لنکس

ایک ہزار سی سی گاڑیوں میں سی این جی بھروانے پر پابندی


سی این جی
سی این جی

نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی جانب سے عائد کی جانے والی اس پابندی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وزارت پیٹرولیم اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی پابند ہوگی

پاکستان میں روز بہ روز سنگین سے سنگین تر ہونے والے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے نگراں حکومت نے 1000سی سی سے زائد نجی گاڑیوں میں سی این جی بھرانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا اطلاق 25مئی سے ہوگا۔ تاہم، پبلک ٹرانسپورٹ کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

منگل کی رات نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی جانب سے عائد کی جانے والی اس پابندی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وزارت پیٹرولیم اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی پابند ہوگی۔ تاہم، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کاحکم ماننے سے انکار کردیا ہے۔

وزیراعظم ہاوٴس کے ترجمان کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے ایک ہزار سی سی اور اس سے زائد پاور کی گاڑیوں میں سی این جی بھرنے پر پابندی لگانے کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائی تھی۔

مقامی میڈیا رپورٹس میں وزارت پیٹرولیم کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پابندی کی پہلی بار خلاف ورزی کرنے والے سی این جی اسٹیشن کو 50 ہزار روپے جرمانہ اور دوسری بار خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، جبکہ تیسری بار خلاف ورزی پر سی این جی اسٹیشن 6 ماہ کے لیے بند کردیا جائے گا جبکہ چوتھی بار خلاف ورزی پراسٹیشن کو ایک سال کے لیے بند کردیا جائے گا۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے وزیراعظم کے اس حکم کو ماننے سے انکار کردیا ہے۔

پراچہ کہتے ہیں کہ ایسا فیصلہ کرنا نگراں حکومت کامینڈیٹ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ، ’اگر حکومت نے زبردستی فیصلے پر عملدر آمد کروایا اور فیصلے کو واپس نہ لیا تو ہم اس کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے‘۔
XS
SM
MD
LG