رسائی کے لنکس

مغربی ورجینیا، صنعتوں کی کڑی نگرانی ضروری: ماہرین ِماحولیات


دریائے ایلک میں کیمیکلز شامل ہونے کے تقریباً ایک ہفتے بعد بھی مقامی مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی پوری طرح بحال نہیں ہوئی ہے۔ چند علاقوں میں اب گھروں کو صاف پانی پہنچایا جا رہا ہے۔

امریکی ریاست مغربی ورجینیا میں مقامی دریا ایلک میں بڑی مقدار میں کیمیکل شامل ہو جانے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی تھی جس سے تقریباً تین لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔

مغربی ورجینیا کی مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ حکومت نے مغربی ورجینیا میں موجود کیمیکل اور کوئلے کی صنعتوں کی نگرانی کے لیے کوئی کڑا اور موثر نظام نہیں نافذ کیا ہوا۔

مغربی ورجینیا کے گورنر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس حادثے کی پوری تحقیقات کرائیں گے۔ دوسری طرف ماہرین ِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ مغربی ورجینیا کی حکومت ماضی میں صنعتوں پر کنٹرول رکھنے اور ان صنعتوں سے خارج ہونے والی ماحولیاتی آلودگی پر ماحولیاتی کنٹرول عائد کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ماہرین کے نزدیک اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ یہ صنعتیں خطے کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مقامی آبادی کو ابھی بھی صاف پانی کے حصول کے لیے قطار میں لگنا پڑ رہا ہے۔ ایک مقامی خاتون کہتی ہیں کہ، ’میری سمجھ کے مطابق ان صنعتوں کا کبھی معائنہ نہیں کیا گیا۔ میرے خیال میں گذشتہ 23, 26 سالوں سے انکا معائنہ نہیں کیا گیا اور ہر سال بغیر انسپیکشن کے انہیں سرٹیفیکیٹ دے دیا جاتا ہے۔ اگر ایسا کیا گیا ہوتا تو آج ہم اس صورتحال کا شکار نہ ہوتے‘۔

دریائے ایلک میں کیمیکلز شامل ہونے کے تقریباً ایک ہفتے بعد بھی مقامی مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی پوری طرح بحال نہیں ہوئی ہے۔ چند علاقوں میں اب گھروں کو صاف پانی پہنچایا جا رہا ہے۔

واضح رہے مغربی ورجینیا میں ہونے والے حالیہ حادثے سے قبل بھی 2008ء میں ایک کیمیکل پلانٹ کے اندر ہونے والے دھماکے سے پلانٹ پر کام کرنے والے دو مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔

ویسٹ ورجینیا کول کمپنی نے، جس کی غلطی کی وجہ سے دریا میں مہلک کیمیکل شامل ہوا تھا، ابھی تک اس حادثے کے بارے میں کوئی بیان دینے سے گریز برتا ہے۔
XS
SM
MD
LG