رسائی کے لنکس

کانگو: حکومت اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت اور باغی گروپ ایم23 میں شامل گروہ ایک دوسرے پر ان جھڑپوں کے آغاز کا الزام لگا رہے ہیں۔

کانگو میں امن بات چیت کی معطلی کے کچھ ہی دنوں بعد حکومت اور باغیوں کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی ہے۔

حکومت اور باغی گروپ ایم23 میں شامل گروہ ایک دوسرے پر ان جھڑپوں کے آغاز کا الزام لگا رہے ہیں۔ یہ جھڑپیں ملک کے مشرقی حصے میں جمعہ کو شروع ہوئیں۔

جھڑپوں میں جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

کانگو اور باغی گروپوں کے درمیان یوگینڈا میں ہونے والی اعلٰی سطحی بات چیت پیر کو ختم ہو گئی تھی۔

دونوں فریق باغیوں کی معافی اور اُن کی سرکاری فورسز میں شمولیت پر متفق نہیں ہو سکے تھے جس کے بعد امن بات چیت کا عمل معطل ہو گیا۔

باغی گروپ ایم 23 کے جنگجوؤں نے 2009 میں ایک امن معاہدے کے بعد کانگو کی فوج میں شمولیت اخیتار کی تھی لیکن بعد میں وہ یہ کہہ کر الگ ہو گئے کہ اُن کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جا رہا تھا۔

گزشتہ سال اس گروہ نے شمالی صوبہ کیوو پر قبضہ کر لیا تھا اور اس علاقے میں زیادہ تر لڑائی قیمتی معدنی کانوں پر قبضے کے لیے ہوتی رہی ہے۔

اقوام متحدہ کا الزام ہے کہ روانڈا اور یوگینڈا باغی گروپ ایم 23 کی مدد کر رہے ہیں لیکن یہ دونوں ملک ان الزامات کی نفی کرتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG