رسائی کے لنکس

logo-print

ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار


ڈینیل ویٹوری نیوزی لینڈ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔

کیوی کپتان آئندہ ماہ ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دینگے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ ڈرا ہونے کے بعد بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

دوسرے میچ کے ڈرا ہونے کے ساتھ پاکستان نے دو میچوں کی سیریز میں0-1 سے فتح حاصل کرلی ہے۔ کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی گزشتہ پانچ سالوں میں یہ پہلی فتح ہے۔ اس سے قبل 2006 ءمیں کپتان انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے شکست دی تھی۔

31 سالہ ڈینیل ویٹوری ماضی میں بھی کئی بار اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ 19 فروری سے 2 اپریل تک جاری رہنے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2011ءکے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوجائینگے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں ویٹوری کا کہنا تھا کہ انہوں نے ساڑھے تین سال قبل ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ 2011ءمیں کپتانی چھوڑدینگے اور وہ اپنے اس فیصلہ پہ قائم ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے محبت ہے اور وہ اس سے ریٹائرمنٹ نہیں لے رہے بلکہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں اپنی جگہ مقرر کیے جانے والے نئے کپتان کے تحت ٹیسٹ میچز کھیلنے کا مواقع ملیں۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق گزشتہ کئی ٹیسٹ سیریز کے دوران کیوی ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر فرائض انجام دینے والے روزٹیلر کے ویٹوری کی جگہ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے امکانات ہیں۔

ڈینیل ویٹوری نے سٹیفن فلیمنگ کی جگہ نومبر 2007ءمیں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔ ان کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے کل 32 ٹیسٹ میچز کھیلے جن میں اسے 6 میں فتح اور 16 میں شکست ہوئی جبکہ 10 ٹیسٹ میچز ڈرا ہوئے۔

XS
SM
MD
LG