رسائی کے لنکس

پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان کو مزاحمت کے بعد شکست، چیف سیلیکٹراقبال قاسم مستعفی


شاہد آفریدی
شاہد آفریدی

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے مزاحمت کے بعد پاکستان کو دو وکٹ سے ہراکر سیریز پانچ صفر سے جیت لی۔

پانچویں ایک روزہ میچ میں کپتان محمد یوسف گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے اور شاہد آفریدی کو قیادت دی گئی جنھوں نے بڑی عمدگی کے ساتھ ٹیم کو لڑایا اور میچ کو آخری اوور تک لے گئے۔

اتوار کو کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو آغاز سے ہی تباہ کُن ثابت ہوا۔ سلمان بٹ اور خالد لطیف بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے جب کہ ایک موقعے پر پاکستان کے 16رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ تاہم، بعد میں عمر اکمل کے 67، فواد عالم کے 63اور شعیب ملک کے 36رنز کی بدولت پاکستان کی ٹیم ایک مناسب سکور کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پاکستان کی ٹیم 49.3اووروں میں 212رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ فیلڈنگ اور باؤلروں نے جان فشانی سے گیند بازی کا مظاہرہ کیا جِس کی وجہ سے آسٹریلیا نے بمشکل آخری اوور میں دووکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

آسٹریلیا کی طرف سے کپتان رِکی پونٹنگ نے 55، ہِسی نے 40 اور مارش نے 25رنز سکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی، شعیب ملک اور رانا نوید نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے دوران ایک موقعے پر کپتان شاہد آفریدی کو ٹیلی ویژن کیمرے نے اِس طرح دکھایا جیسے وہ گیند کو دانتوں سے کَتر رہے ہوں جس کے بعد ایمپائروں نے گیند تبدیل کردی اور میچ کے بعد میچ ریفری نے شاہد آفریدی کو تحقیقات کے لیے طلب کیا جِس میں شاہد آفریدی کے بال ٹیمپرنگ اعتراف کے بعد اُن پر دو ٹی-20میچ کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔ اِس طرح وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی-20سیریز میں پاکستان کی قیادت نہیں کر سکیں گے۔

پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں سابق فاسٹ باؤلر جلال الدین نے بتایا کہ جو ہدف دیا تھا اُس میں مجموعی کوشش کا عنصر نمایاں تھا۔ تھوڑا سا اُس میں کپتان کا رول تھا۔ آسٹریلیا کو انڈر پریشر بھی لائے اور میچ جیتے تو صحیح مگر کافی مشکل سے۔

یہی چیز کسی ٹیم کے لیے ضروری ہوتی ہے کہ اُس کی کوشش میں کمی نہ ہو اور اپنے پورے ذرائع استعمال کریں۔ اُس کے بعد جو نتائج نظر آئیں وہ قابلِ قبول ہوتے ہیں۔ اِس میچ کو دیکھ کر یوں لگا کہ میچ کھیلا گیا۔ میچ میں ہار جیت تو ہونی تھی۔ ایک جیتی ایک ہاری۔ مگر کرکٹ کو کرکٹ کی طرح کھیلا گیا۔ کپتان کا رول اہم ہے۔

دریں اثنا، آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں پانچ صفر سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سیلیکٹر اقبال قاسم نے شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG