رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ: وارم اپ میچ میں پاکستان کی 120 رنز سے فتح


اظہر علی اور فخر زمان۔ فائل فوٹو
اظہر علی اور فخر زمان۔ فائل فوٹو

نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ الیون کو 50 اووروں کے میچ میں 120 رنز سے شکست دے دی۔ اس میچ میں اوپنرز اظہر علی اور فخرزمان نے سنچریاں بنائیں اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

نیلسن میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ الیون کے کپتان کولسن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم نے اوپنرز اظہر علی اور فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کے باعث مقررہ 50 اوورز میں 6.82 کی اوسط سے 9 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے ۔ اظہر علی نے 104 اور فخر زمان نے 106 رنز بنا کر دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دینے کیلئے اپنی اننگ ڈکلیئر کر دی۔ اُن کے علاوہ حسن علی نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 36 ، شاداب خان نے ایک چھکے کی مدد سے 24 اور کپتان سرفراز نواز نے 21 رنز بنائے۔

قابل اعتماد مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم صرف 6 ، شعیب ملک 1 اور محمد حفیظ 5 رنز پر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے دائیں ہاتھ سے آف بریک بالنگ کرنے والے بالرز پارکھ نے 3 اور کریگ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیز بالر بارکر اور رائے ایک ایک وکٹ لے پائے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 47.1 اوورز میں 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح پاکستان نے یہ میچ 120 رنز سے جیت لیا۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیوڈسن 54 اور میک ایون 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 4 ، فہیم اشرف نے 2 اور محمد عامر، رومان رئیس، حسن علی اور فخر زمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 6 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG