رسائی کے لنکس

logo-print

پاکستانی شائقین کو آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے میچ کا انتظار


پاکستانی شائقین کو آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے میچ کا انتظار

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں بدھ کو آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا پاکستانی شائقین بے صبری سے انتظار کررہے ہیں کیونکہ پاکستانی ٹیم کے اس ٹورنامنٹ میں شامل رہنے کا انحصار اس میچ کے فیصلے پر ہے۔

ویسٹ انڈیز میں جاری تیسرے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں اگرچہ ابھی تک کمزور سمجھی جانے والی ٹیموں نے کسی مضبوط ٹیم کو توقعات کے برعکس شکست نہیں دی ہے لیکن کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس کھیل میں ”اَپ سیٹ“کو کسی مرحلے میں خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ بدھ کے روز اگربنگلہ دیش آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہرا دیتی ہے تو دفاعی چیمپیئن پاکستان عالمی کپ سے باہر ہوجائے گا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے آخری روز دوسرا میچ جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

منگل کو کھیلے جانے والے میچوں میں انگلینڈاور آئرلینڈکے درمیان میچ ڈَک ورتھ لوئس قانون کے تحت برابررہا اور دونوں ٹیموں کو ایک ،ایک پوائنٹ ملا۔ دوسرے میچ میں اسی قانون کے تحت نیوزی لینڈ نے زمبابوے پر سات رنز سے برتری حاصل کی۔

نیوزی لینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز چار ،چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے مرحلے میں سرفہرست ہیں۔

دریں اثناء ٹوئنٹی ٹوئنٹی خواتین کرکٹ عالمی کپ کا آغاز بدھ کے روزسے ویسٹ انڈیز میں ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG