رسائی کے لنکس

ریمنڈ کو استثنیٰ حاصل ہے: فوزیہ وہاب، بیان ذاتی رائے ہے: ایوانِ صدر


ریمنڈ کو استثنیٰ حاصل ہے: فوزیہ وہاب، بیان ذاتی رائے ہے: ایوانِ صدر
ریمنڈ کو استثنیٰ حاصل ہے: فوزیہ وہاب، بیان ذاتی رائے ہے: ایوانِ صدر

حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان نے کہاہے کہ دو پاکستانیوں کو ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار امریکی باشندے کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے اور اس مسئلہ پر بحث سے عالمی برادری میں پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگ سکتی ہے۔

تاہم پارٹی کے کو چیئرپرسن اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان نے فوزیہ وہاب کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔


پیر کے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکمران جماعت کی رکنِ قومی اسمبلی فوزیہ وہاب کا کہنا تھا کہ گرفتار امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے پاس پاکستان کا سرکاری ویزہ موجود ہے جسے بقول ان کے "ہم نے تسلیم کیا ہے"۔


انہوں نے کہا کہ وہ ویانا کنونشن کے حوالے سے گفتگو نہیں کررہی ہیں تاہم سفارتی امور سے متعلق 1972ء کے ملکی قانون کے تحت سفارت خانوں کے ٹیکنیکل عملے کو بھی سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے پاس موجود کتاب سے اپنے بیان کے حق میں کچھ قانونی شقیں بھی پڑھ کر سنائیں۔


ریمنڈ ڈیوس کو پاکستانی پولیس نے 27 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ ڈیوس پر الزام ہے کہ اس نے دو پاکستانیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جس کے بارے میں ملزم کا کہناہے کہ مسلح افراد نے اسے لوٹنے کی کوشش کی تھی۔ پولیس ابتدائی تفتیش میں ڈیوس کا موقف رد کرتے ہوئے اسے بے رحمانہ قتل کا مرتکب قرار دے چکی ہے۔


امریکہ کا کہنا ہے کہ ڈیوس لاہور میں امریکی قونصل خانے کے تکنیکی عملے کا رکن ہے اور اسے سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ امریکہ مسلسل پاکستان سے سفارتی استثنیٰ کے عالمی قوانین کے تحت ڈیوس کو تحفظ فراہم کرنے اور اس کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہا ہے۔ تاہم پاکستانی حکام کا موقف ہے کہ ڈیوس کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور اس کے استثنیٰ کا فیصلہ عدالت کرے گی۔


صحافیوں سے گفتگو میں فوزیہ وہاب نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سفارتی استثنیٰ سے متعلق بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ہے اور ڈیوس کے مسئلے پر بحث سے عالمی برادری میں "پاکستان کی مثبت ساکھ متاثر ہوسکتی ہے"
۔

انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر گفتگو سے پہلے یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ امریکہ پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی منڈی ہے جہاں سے پاکستان کو سالانہ چار ارب ڈالرز حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانی بڑی تعداد میں رقوم وطن بھیجتے ہیں جو ملکی معیشت کیلئے ایک اہم سہارا ہے۔

حکمران جماعت کی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو امداد افغانستان، ایران یا وینزویلا سے نہیں بلکہ امریکہ سے ملتی ہے۔

تاہم بعد ازاں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں فوزیہ وہاب نے اپنے بیان کو ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے اس موقف پر اصرار کرنے سے گریز کیا۔


ایوانِ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بھی فوزیہ وہاب کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے اسے پارٹی یا حکومتی موقف کے برخلاف قرار دیا ہے۔


پیر کی شب ایوانِ صدر کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور پی پی پی کی جانب سے پہلے ہی اس بات کی وضاحت کی جاچکی ہے کہ "ریمنڈ ڈیوس کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی"۔

XS
SM
MD
LG