رسائی کے لنکس

انتباہ کے باوجود، شمالی کوریا اپنی ضد پر قائم


State Department spokeswoman Victoria Nuland (file photo)
State Department spokeswoman Victoria Nuland (file photo)

امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے سیٹلائٹ داغنا ایک ’اشتعال انگیز عمل‘ ہوگا جس سے امن کو خطرہ لاحق ہوگا اور علاقے کی سلامتی داؤ پر لگ جائے گی

بین الاقوامی مذمت کےباوجود، شمالی کوریا نے بظاہر طویل فاصلے کے راکٹ داغنے کی اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

جنوبی کوریا کے میڈیا نے منگل کو حکومت کے عہدے داروں کےحوالے سے کہا ہے کہ شمالی کوریا ٹونگ چونگری تنصیب کے لانچنگ پیڈ پر دوسرے اور تیسرے مرحلوں کی تیاری کے کام کو آخری شکل دے رہا ہے۔

پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ وہ راکٹ کی تین مرحلے وار اُڑان کو دسمبر کی 10سے 22تاریخوں کے دوران خلا میں بھیجے گا۔ اُس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سیٹلائٹ مدار میں روانہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اُس کے ہمسایوں اور باقی دنیا نے راکٹ داغنے کے خلاف انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل یہ راکٹ کی آڑ میں میزائل کا تجربہ ہے ، جس کی اقوام متحدہ کی قدغنوں کے تحت ممانعت عائد ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے منگل کے روز کہا کہ اُنھیں اِس معاملے پر سنگین تشویش ہے، اور یہ کہ اِس کے باعث خطے میں تناؤ میں اضافہ ہوگا۔ مسٹر بان نےشمالی کوریا سےمطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور اپنے بیلاسٹک میزائل پروگرام سے متعلق تمام کارروائیاں روک دے۔

امریکہ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے سیٹلائٹ داغنا ایک ’اشتعال انگیز عمل‘ ہوگا جس سے امن کو خطرہ لاحق ہوگا اور علاقے کی سلامتی داؤ پر لگ جائے گی۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان وکٹوریا نُلینڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں اورطویل فاصلے کے میزائل تیار کرنے پر اپنے محدود ذرائع ضائع کرنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ شمالی کوریا مزید الگ تھلگ اور غربت کا شکار ہو جائے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے لیے سلامتی کا راستہ عوام پر سرمایہ کاری کرنا اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بارے میں دی گئی یقین دہانیوں کو پورا کرنے میں مضمر ہے۔

مزید اقدامات کرنے کے سلسلے میں امریکہ اپنے چھ فریقی اور دیگر کلیدی اتحادیوں اور ساجھے داروں سے قریبی مشاورت کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کے اہم اتحادی چین نےبھی سفارتی دباؤ میں اضافہ کیا ہے، اور اُس کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہانگ لی نے شمالی کوریا کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور صورت حال کو بگڑنے سے بچانے کے اقدام کرے۔
XS
SM
MD
LG