رسائی کے لنکس

چین: سالِ نو کی تقریب میں بھگدڑ، 35 افراد ہلاک


فائل
فائل

چین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق واقعہ شنگھائی کے وسط میں دریا کے کنارے قائم سیاحتی مرکز میں پیش آیا جہاں سالِ نو کے استقبال کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔

چین میں ایک سیاحتی مقام پر ہونے والی سالِ نو کے استقبال کی تقریب میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں کم ا زکم 35 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

چین کے سرکاری ٹی وی 'سی سی ٹی وی' کے مطابق واقعہ شنگھائی کے وسط میں قائم چین یی اسکوائر میں پیش آیا جہاں سالِ نو کے استقبال کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔

موقع پر پہنچنے والے امدادی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں کئی طلبہ بھی شامل ہیں۔

دریائے ہوانگ پو کے کنارے واقع یہ علاقہ شنگھائی کے معروف ترین سیاحتی مراکز میں سے ایک ہے جہاں ہر سال سالِ نو کی روایتی تقریب منعقد ہوتی ہے۔ گزشتہ سال اس مقام پر ہونے والی تقریب میں تین لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'شنہوا' کے مطابق بھگدڑ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 35 منٹ پر ہوا۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ بھگدڑ کیسے شروع ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق پولیس اور امدادی ادارے جائے حادثہ کو ہجوم سے خالی کرانے اور وہاں پھنسے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

رواں ماہ چینی حکام نے سالِ نو کی عوامی تقریبات میں لوگوں کے ہجوم کو قابو میں رکھنے اور ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

سکیورٹی خدشات اور زیادہ لوگوں کو جمع ہونے سے روکنے کے لیے حکام نے چین یی اسکوائر میں نئے سال کے آغاز پر ہونے والا سالانہ '3 ڈی' لیزر شو بھی چند روز قبل منسوخ کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG