رسائی کے لنکس

دوہری شہریت والوں پر پارٹی عہدہ رکھنے پہ بھی پابندی


پولیٹیکل آرڈر 2002ء کے تحت پارٹی عہدے کے لئے بھی وہی شرائط عائد ہوتی ہیں جو رکن پارلیمنٹ کے لئے ہوتی ہیں: الیکشن کمیشن کا بیان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوہری شہریت والے افراد کے بارے میں فیصلہ دیا ہے کہ وہ پارٹی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتے۔

کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیٹیکل آرڈر 2002ء کے تحت پارٹی عہدے کے لئے بھی وہی شرائط عائد ہوتی ہیں جو رکن پارلیمنٹ کے لئے ہوتی ہیں۔

یہ معاملہ پیر کو الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں طاہر القادری اور حکومت کے درمیان جنوری میں طے ہونے والے معاہدے کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست کی سماعت کے دوران میں زیر بحث آیا۔

اس معاہدے کے خلاف ایک شہری انجینئر جلیل ملک نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ لانگ مارچ کے بعد حکومت اور تحریک منہاج القرآن کے سرابرہ ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دوہری شہریت رکھنے والا شخص پارٹی عہدہ بھی نہیں رکھ سکتا۔

اس درخواست پر الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے کمیشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے پاس کوئی بھی پارٹی عہدہ نہیں۔ اس پر درخواست گزار نے اپنی درخواست واپس لے لی۔
XS
SM
MD
LG