پاکستان کے بالائی علاقوں اور افغانستان میں جمعے کی شب آنے والے شدید زلزلے کے بعد حکام ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات جمع کر رہے ہیں۔
پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 9ء6 تھی جب کہ امریکی ارضیاتی سروے نے اس کی شدت 2ء6 بیان کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں 197 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ مذکورہ علاقہ پاکستان کے انتہائی شمال میں واقع ضلع چترال سے متصل ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے 'این ڈی ایم اے' نے کہا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کی معلومات جمع کی جارہی ہیں۔
ادارے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ آفٹر شاکس کے خطرے کے پیشِ نظر احتیاط برتیں۔
جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب تقریباً سوا بارہ بجے آنے والا زلزلہ پاکستانی کے بالائی علاقوں بشمول صوبہ خیبرپختونخوا، اسلام آباد، قبائلی علاقہ جات، شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان اور وسطی پنجاب تک محسوس کیا گیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی تک محسوس کیے گئے ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان منقسم وادیٔ کشمیر میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے لگ بھگ ایک منٹ تک جاری رہے۔ تاحال کسی بھی علاقے سے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
جمعے کو زلزلے کا نشانہ بننے والے پاکستان کے علاقوں میں رواں سال 26 اکتوبر کو بھی 5ء7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے 270 سے زائد افراد ہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 36 ہزار سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوگئے تھے یا انہیں جزوی نقصان پہنچا تھا۔