رسائی کے لنکس

مصر کو ایف 16 طیاروں کی فراہمی مؤخر


وائٹ ہاؤس حکام بارہا اِس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ مصر کی مالی اعانت بند کرنا امریکہ کے بہترین مفاد میں نہیں۔ ہر سال، امریکہ مصر کو ایک ارب 30کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرتا ہے

مصر میں جاری سیاسی خلفشار بالآخر امریکہ کی طرف سےملک کو ملنے والی امداد پر اثر انداز ہونے لگا ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ مصر کو لڑاکا جیٹ طیاروں کی رسد کی فراہمی میں تاخیر سے کام لیا جائے گا۔

پینٹاگان کے ترجمان، جارج لِٹل نےکہا ہے کہ یہ فیصلہ ’موجودہ صورتِ حال‘ کو مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔


ترجمان کے بقول، ہم نہیں سمجھتے کہ اِس وقت ایف 16طیاروں کی فراہمی مناسب ہوگی۔ ہم امریکہ مصر دفاعی تعلقات کے حوالے سے پُرعزم ہیں، کیونکہ یہ مصر کے ساتھ ہمارے وسیع تر اسٹریٹجک ساجھے داری کی بنیاد ہیں اور علاقائی استحکام کا ستون ہیں۔

تین جولائی کو جب مصر کی فوج نے ملک کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر، محمد مرسی کو اقتدار سے ہٹایا، چند امریکی قانون ساز حکومت سے مصر کو امداد معطل کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

مسٹر مرسی کے حامی اسے تختہ الٹنے کا نام دیتے ہیں، لیکن امریکہ مسٹر مرسی کی اقتدار سے سبک دوشی کو کوئی نام دینے سے گریزاں رہا ہے۔

امریکی قانون کی رو سے باضابطہ طور پر منتخب حکومت کے سربراہ کو فوجی انقلاب کے ذریعے ہٹانے کی صورت میں مالی امداد معطل کی جانی چاہیئے۔

وائٹ ہاؤس حکام نے بارہا اِس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مصر کو مالی اعانت بند کرنا امریکہ کے بہترین مفاد میں نہیں ہوگا۔ ہر سال، امریکہ مصر کو ایک ارب 30کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرتا ہے۔
XS
SM
MD
LG