رسائی کے لنکس

ایتھوپیا میں دہشت گرد حملے کا انتباہ، امریکی سفارت خانہ


فائل
فائل

امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں، امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھیڑ سے بچیں اور ایسے مقامات پر نہ جائیں جہاں ایتھیوپیا اور مغرب کے شہری اکثر و بیشتر جایا کرتے ہیں

ایتھیوپیا میں امریکی سفارت خانے نے دارالحکومت ادیس ابابا کے ایک حصے میں ممکنہ دہشت گرد حملے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اُسے اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ الشباب کا صومالی شدت پسند گروہ ’بول‘ کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، جو شہر کا جنوب مشرقی علاقہ ہے۔
سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مبینہ امکانی حملے کے مقام کا علم نہیں۔ تاہم، انتباہ میں مشورہ دیا گیا ہے کہ ’آئندہ نوٹس تک بول کے علاقے کے ریستورانوں، ہوٹلوں، عبادت گاہوں، سپر مارکیٹ اور شاپنگ مال جانے سے اجتناب کرنا چاہیئے، کیونکہ یہ کسی ممکنہ دہشت گرد حملے کے اہداف ہو سکتے ہیں‘۔

بیان میں امریکی شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھیڑ سے بچیں اور ایسے مقامات پر نہ جائیں جہاں ایتھیوپیا اور مغرب کے شہری اکثر و بیشتر جایا کرتے ہیں۔
ایتھیوپا اُن متعدد افریقی ملکوں میں سے ایک ہے جس کی فوجیں صومالیہ میں الشباب سے لڑ رہی ہیں۔

اس شدت پسند گروپ کو کئی ضربیں لگائی گئی ہیں، جس میں حالیہ دِنوں کے دوران ایک امریکی ڈرون حملے میں اُن کے سرغنے کی ہلاکت شامل ہے۔ تاہم، وہ اب بھی مہلک حملوں پر تُلا ہوا ہے۔

گذشتہ برس، الشباب نے نیروبی میں حملہ کیا تھا، جِس کے نتیجے میں کم از کم 67 افراد ہلاک ہوئے۔

یہی گروہ اِسی سال موغادیشو میں صومالی صدارتی محل پر دو بار حملے کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG