پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں جاری ون ڈے سیریز کے باقی میچوں میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نیشنل سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق فیصلہ 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء سے پہلے فرنٹ لائن کھلاڑیوں کو آرام دینے کی پالیسی کا تسلسل ہے۔
فہیم اشرف نے جمعے کو شارجہ میں پہلے ایک روزہ میچ میں 28 رنز بنائے تھے اور ایک وکٹ لی تھی۔ اتوار کو دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 14 رنز بنائے تھے لیکن وہ کوئی وکٹ نہیں لے پائے تھے۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیریز کے لیے فہیم اشرف کا متبادل طلب نہیں کیا جائے گا کیوں کہ پانچ فاسٹ بالرز - محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، محمد حسنین اور عثمان شنواری - پہلے ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے باقی تین میچ ابوظہبی اور دبئی میں 27، 29 اور 31 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔
سیریز میں آسٹریلیا کو دو ۔ صفر کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلوی بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کے باعث دونوں میچوں میں آسٹریلیا نے پاکستان کو آٹھ، آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
کپتان آرون فنچ نے دونوں میچوں میں سینچری اسکور کی تھی۔ دوسرے ون ڈے میں ناقابلِ شکست 153 رنز ان کے کیریئر کا بہترین اسکور ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گا۔ اس سے قبل پاکستان انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی 20 اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گا۔