رسائی کے لنکس

فاروق شیخ، کچھ یادیں کچھ باتیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وائس آف امریکہ کی شہناز عزیز کے ساتھ فاروق شیخ کے ایک خصوصی انٹرویو کی کچھ دلچسپ یادیں۔

آپ سب نے یہ اندوہناک خبر پڑھی ہوگی کہ معروف اداکار فاروق شیخ دل کا دورہ پڑنے سے 65 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔

فاروق شیخ سے رو برو تو نہیں، لیکن آن ائیر میری پہلی اور آخری ملاقات، دس نومبر 2012 میں پروگرام کچھ تو کہئے میں ہوئی تھی۔ ان کے فن کی پرستار تو میں ھمیشہ سے تھی لیکن ان کے ساتھ یہ پروگرام کرنے کے بعد ان کی شخصیت، ان کی فراخدلی، شائستگی اور ان کی بناوٹ سے پاک انکساری نے ہم سب کے دل موہ لئے ۔ خاص طور سے ان کی ہنسی اور ہیومر اور بے حد نرم گفتگو کے انداز نے۔

انتہائی ذہین اور باصلاحیت فاروق شیخ کی اصل شخصیت فلم بازار میں ،ان کے ’بھولے بھالےکریکٹر‘ سے کچھ زیادہ مختلف نہیں تھی۔

فاروق شیخ کا جب بھی ذکر ہوگا تو ’گرم ہوا‘، ’شطرنج کے کھلاڑی‘، ’چشم بدور‘، ’نوری‘، ’ساتھ ساتھ‘ اور ’امراؤ جان‘ جیسی فلموں میں ان کی بے مثال اداکاری کو یاد کیا جائے گا۔ ٹی وی انٹرویوز پر مبنی پروگرام ’جینا اسی کا نام ہے‘ ان کا مقبول ترین پروگرام تھا۔۔۔۔ اور شائد انکی اپنی زندگی کی کہانی کا عنوان بھی یہی ہو سکتا ہے، ’جینا اسی کا نام ہے‘ ۔

فاروق شیخ نے اس پروگرام میں، اپنے فن کے ساتھ ساتھ، بھارتی سنیما، اردو زبان اور پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے علاوہ، اپنی ذاتی زندگی، عشروں کی جیون ساتھی اور اپنی دونوں بیٹیوں کے بارے میں بڑے پیار سے بات کی ہے۔۔ انہوں نے جس خندہ پیشانی سے دور دراز علاقوں سے کال کرنے والے سامعین کے سوالوں کے جواب دئیے، وہ ایسا فن کار ہی کرسکتا ہے جو اپنے پرستاروں کی عزت کرنا جانتا ہو۔

آپ بھی نیچے دئے ہوئے لنک پر کلک کر کے یہ انٹرویو سن سکتے ہیں۔

فاروق شیخ کی وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو
please wait

No media source currently available

0:00 0:48:12 0:00
XS
SM
MD
LG