رسائی کے لنکس

غوث بخش مہر کو وفاقی وزیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا


وزیراعظم اشرف کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں (فائل فوٹو)
وزیراعظم اشرف کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں (فائل فوٹو)

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی کابینہ میں غوث مہر وزارت نجکاری کے وزیر تھے۔

پاکستان کے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر غوث بخش مہر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

غوث بخش مہر کے پاس وزارت نجکاری کا قلمدان تھا جو انھیں رواں سال جون میں وفاقی کابینہ میں شمولیت پر دیا گیا۔

سرکاری طور پر عہدے سے ہٹائے جانے کی کوئی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔

غوث بخش مہر سندھ سے رکن قومی اسمبلی ہیں اور ان کا تعلق حکمران اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ق) سے ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق غوث بخش مہر کا کہنا ہے کہ انھوں نے پیپلز پارٹی سے اختلافات کے بعد اپنا استعفیٰ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کو دے دیا تھا۔

رواں سال یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے اُنھیں نا اہل قرار دے کر گھر بھیج دیا تھا جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہوئے۔

وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد 35 وفاقی وزراء اور 18 وزرائے مملکت پر مشتمل نئی وفاقی کابینہ تشکیل دی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG