رسائی کے لنکس

'فورڈ' کمپنی کے مالک کا انتقال


ولیم کلے فورڈ سینئر کے بیٹے ولیم کلے فورڈ جونیئر اس وقت 'فورڈ' کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیں
ولیم کلے فورڈ سینئر کے بیٹے ولیم کلے فورڈ جونیئر اس وقت 'فورڈ' کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیں

ولیم کلے فورڈ نصف صدی سے زائد عرصہ تک 'فورڈ' کمپنی میں خدمات انجام دیتے رہے جو گزشتہ 110 برس سے گاڑیاں بنانے والی امریکہ کی صفِ اول کی کمپنی ہے۔

گاڑیاں بنانے والی امریکہ کی مشہور کمپنی 'فورڈ' کےمالک اور سابق ڈائریکٹر ولیم کلے فورڈ سینئر انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔

'فورڈ' خاندان کے ایک ترجمان کے مطابق جناب ولیم کی موت نمونیے کے باعث امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ کے نواح میں واقع ان کی رہائش گاہ میں اتوار کو ہوئی۔

جناب ولیم 'فورڈ' کمپنی کے بانی ہینری فورڈ کے پوتے اور کمپنی کے مالک خاندان کی تیسری پشت کے آخری چشم و چراغ تھے۔

جناب ولیم فورڈ نے 1949ء میں 'ییل یونی ورسٹی' سے گریجویشن کرنے کے بعد 'فورڈ' میں باقاعدہ ملازمت کا آغاز کیا تھا۔ لیکن گریجویشن سے ایک سال قبل ہی انہیں کمپنی کے 'بورڈ آف ڈائریکٹرز' کا رکن منتخب کرلیا گیا تھا جہاں سے وہ 2005ء میں ریٹائر ہوئے۔

جناب ولیم نصف صدی سے زائد عرصہ تک 'فورڈ' کمپنی میں خدمات انجام دیتے رہے جو گزشتہ 110 برس سے گاڑیاں بنانے والی امریکہ کی صفِ اول کی کمپنی ہے۔

کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے باوجود ولیم فورڈ کمپنی کے سربراہ کے عہدے تک نہیں پہنچے اور انہوں نے کمپنی کے ساتھ اپنا بیشتر وقت اپنے بڑے بھائی ہینری فورڈ دوم کے زیرِ سایہ گزارا جو 1945 سے 1979ء تک کمپنی کے سربراہ رہے۔

آنجہانی ولیم فورڈ امریکہ کی معروف فٹ بال ٹیم 'ڈیٹرائٹ لائنز' کے بھی مالک تھے جس کی مالیت 900 ملین ڈالرز سے زائد بتائی جاتی ہے۔

انہوں نے بیوہ مارتھا فائر اسٹون فورڈ اور بیٹے ولیم کلے فورڈ جونیئر کو سوگوار چھوڑا ہے جو اس وقت 'فورڈ' کے ایگزیکٹو چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG